تیل و گیس تلاش میں بڑی پیشرفت، 11 آنشور بلاکس مختلف کمپنیوں کو ایوارڈ
اسلام آباد : پاکستان نے تیل و گیس کی تلاش کے لیے 11 آنشور بلاکس مختلف کمپنیوں کو ایوارڈ کر دئیے۔ اعلامیے کے مطابق پیٹرولیم کنسیشن معاہدوں اور ایکسپلوریشن لائسنسز پر دستخط کی تقریب میں وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے شرکت کی۔
ایوارڈ کیے گئے بلاکس میں آٹھ بلوچستان، دو سندھ اور ایک پنجاب میں واقع ہے۔ یہ بلاکس او جی ڈی سی ایل، پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ، ماری انرجیز، پاکستان آئل فیلڈز لمیٹڈ اور پرائم گلوبل انرجیز کو دیے گئے۔
اعلامیے کے مطابق ان معاہدوں کے تحت آئندہ تین برسوں میں تیل و گیس کی تلاش کے شعبے میں 8.66 ارب روپے کی سرمایہ کاری کی جائے گی، جبکہ 276 ملین روپے سماجی بہبود کے منصوبوں پر خرچ کیے جائیں گے۔
وفاقی وزیر علی پرویز ملک کا کہنا تھا کہ یہ معاہدے حکومت کی جانب سے مقامی وسائل کی تلاش اور بیرونی و مقامی سرمایہ کاری کو راغب کرنے کی کوششوں میں اہم سنگِ میل ہیں۔ معاہدوں پر دستخط پاکستان کے اپ اسٹریم شعبے کی صلاحیت پر سرمایہ کاروں کے اعتماد کی عکاسی کرتے ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ حکومت ایکسپلوریشن سرگرمیوں کے لیے مستحکم اور سرمایہ کار دوست ماحول فراہم کرنے کے لیے پُرعزم ہے، جبکہ اس سرمایہ کاری سے روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔
