وزیراعظم شہباز شریف کی امیرِ قطر سے ملاقات، دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ
اسلام آباد:وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے قطر کے امیرشیخ تمیم بن حمد الثانی سے اہم ملاقات کی، جس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور آرمی چیف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر بھی شریک تھے۔
ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور قطر کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا اور باہمی تعاون کو مزید وسعت دینے کے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا۔ فریقین نے سیاسی روابط کی مثبت رفتار پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کی اہمیت پر زور دیا۔
امیرِ قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی نے اقتصادی شراکت داری کو اعلیٰ اسٹریٹجک سطح تک لے جانے کے لیے قطر کے عزم کا اعادہ کیا۔ دونوں رہنماؤں نے علاقائی اور بین الاقوامی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا اور مذاکرات، سفارت کاری اور تنازعات کے پرامن حل کی اہمیت کو اجاگر کیا۔
رہنماؤں نے کثیرالجہتی فورمز میں قریبی تعاون جاری رکھنے اور اہم علاقائی امور پر رابطے برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔ یہ ملاقات پاکستان اور قطر کے درمیان مضبوط شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے اور سیاسی تعلقات کو ٹھوس اقتصادی نتائج میں بدلنے کے مشترکہ عزم کی عکاسی کرتی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے امیرِ قطر کو پاکستان کے دورے کی دعوت کا اعادہ کیا، جسے امیرِ قطر نے بخوشی قبول کر لیا۔ متوقع ہے کہ یہ دورہ رواں سال کے دوران ہوگا۔
