ایران کے پاس جوہری ہتھیار نہ ہونا امریکہ کی پہلی ترجیح ہے: جے ڈی وینس
واشنگٹن: امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے کہا ہے کہ امریکا کی پہلی ترجیح یہ ہے کہ ایران کے پاس جوہری ہتھیار نہ ہوں۔جے ڈی وینس کا کہنا تھا کہ ایران کے ساتھ مذاکرات کا دوسرا راؤنڈ بعض پہلوؤں سے تعمیری رہا۔
امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے کہا کہ امریکا کی بنیادی ترجیح ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے سے روکنا ہے، اس تناظر میں بات چیت مثبت رہی، تاہم ایران تاحال صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی متعین کردہ بعض ریڈ لائنز پر بات چیت کے لیے تیار نہیں۔
نائب امریکی صدر نے مزید کہا کہ امریکا اس معاملے پر کام جاری رکھے گا، لیکن صدر ٹرمپ کے پاس یہ اختیار موجود ہے کہ وہ جب چاہیں یہ اعلان کر سکتے ہیں کہ سفارتکاری اپنے فطری انجام کو پہنچ چکی ہے۔
جے ڈی وینس نے امید ظاہر کی کہ ایسی صورتحال پیدا نہیں ہوگی، تاہم انہوں نے ریڈ لائنز کی تفصیلات بتانے سے گریز کیا۔
