سابق کرکٹرز کا عمران خان کی صحت پر اظہارِ تشویش، بہترین علاج کی فراہمی کا مطالبہ

0

اسلام آباد:پاکستان کرکٹ کے ماضی کے نامور کھلاڑیوں نے سابق وزیراعظم عمران خان کی صحت سے متعلق خبروں پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ انہیں بہترین ممکنہ طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔

سابق کپتان وسیم اکرم نے کہا ہے کہ عمران خان کے صحت کے مسائل سن کر دل دکھتا ہے، اور امید ہے کہ حکام اس معاملے کو سنجیدگی سے لیں گے۔ انہوں نے عمران خان کے لیے طاقت، جلد صحت یابی اور مکمل صحت کی طرف واپسی کی دعا بھی کی۔

 پاکستان کے اسٹار کرکٹر شاہد آفریدی کا کہنا ہے کہ عمران خان کی صحت اور علاج ان کا بنیادی حق ہے اور یہ سہولت ہر صورت فراہم کی جانی چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ کرکٹ سے متعلق امور پر بحرین کے شیخ ناصر سے ملاقات بھی ہوئی جس میں بحرین میں کرکٹ کے فروغ پر بات چیت کی گئی۔

سابق فاسٹ بولر شعیب اختر نے بتایا کہ گزشتہ 3 ماہ سے وہ امریکا میں عمران خان کے شوکت خانم کینسر اسپتال کے لیے فنڈز اکٹھے کررہے ہیں۔ انہوں نے عمران خان کی ایک آنکھ کی بینائی متاثر ہونے کی خبروں پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ دعا گو ہیں کہ عمران خان کو بہترین علاج ملے اور وہ جلد صحتیاب ہوں۔ شعیب اختر کے مطابق سیاست اور اختلافات سے بالاتر ہو کر یہ ایک انسانی اپیل ہے۔

اسی حوالے سے سابق کپتان یونس خان نے بھی کہا کہ عمران خان پاکستان کو 1992 کے ورلڈ کپ میں تاریخی فتح دلانے والے لیڈر رہے اور آج انہیں فوری طبی توجہ کی ضرورت ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ انسانیت اور قومی ہیروز کا احترام ہر چیز سے پہلے ہونا چاہیے۔

سابق کپتان وقار یونس نے کہا ہے کہ سیاست کو ایک طرف رکھ کر، ہمارا قومی ہیرو جس نے ہمیں کھیل کے میدان میں سب سے بڑی خوشی دی، جس کا کینسر ہسپتال ہزاروں لوگوں کے لیے مددگار ثابت ہوا، جن میں میری اپنی والدہ بھی شامل ہیں، آج ایک طبی ایمرجنسی سے گزررہا ہے اور اسے فوری علاج کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا ’میں عاجزی کے ساتھ متعلقہ حکام سے درخواست کرتا ہوں کہ عمران خان کو بروقت اور مناسب علاج فراہم کیا جائے، جلد صحت یاب ہوں کپتان، آپ کے لیے مکمل اور تیز صحتیابی کی دعا۔‘

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.