لاہور ٹریفک پولیس 14 فروری سے نیا یونیفارم پہنے گی، وزیراعلیٰ پنجاب کی منظوری
لاہور:وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ٹریفک پولیس لاہور کے لیے نئے یونیفارم کی منظوری دے دی ہے۔ وزیراعلیٰ کی منظوری کے بعد ٹریفک وارڈنز 14 فروری سے نیا یونیفارم پہننا شروع کر دیں گے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق پہلے مرحلے میں صرف لاہور میں ٹریفک پولیس کا یونیفارم تبدیل کیا گیا ہے، جبکہ دوسرے مرحلے میں فیصل آباد، گوجرانوالہ، ملتان اور راولپنڈی ڈسٹرکٹ میں بھی نیا یونیفارم متعارف کرایا جائے گا۔ تیسرے مرحلے میں دیگر اضلاع میں بھی ٹریفک پولیس کا یونیفارم تبدیل کیا جائے گا۔
نوٹیفکیشن میں مزید بتایا گیا ہے کہ الیکٹرک پیٹرولنگ گاڑیوں کا آغاز بھی کیا جا رہا ہے، جوسیف سٹیز اتھارٹی سے منسلک ہوں گی۔ الیکٹرک گاڑیوں کے استعمال سے پیٹرول کی مد میں لاکھوں روپے کی بچت متوقع ہے۔
