جماعت اسلامی کا میئر کراچی کے خلاف تحریکِ عدم اعتماد لانے کا فیصلہ، دستخطی مہم شروع
کراچی:جماعت اسلامی نے سٹی کونسل میں میئر کراچی مرتضی ٰ وہاب کے خلاف تحریکِ عدم اعتماد کی تیاری شروع کر دی ہے۔
سٹی کونسل میں اپوزیشن لیڈر ایڈووکیٹ سیف الدین کے ترجمان کے مطابق تحریکِ عدم اعتماد کے لیے اراکینِ کونسل کے دستخط کا عمل شروع ہو چکا ہے، جس کے پہلے مرحلے میں 29 خواتین اراکینِ کونسل دستخط کر چکی ہیں۔
ترجمان جماعت اسلامی کے مطابق جماعت کے پاس مجموعی طور پر 127 اراکینِ کونسل موجود ہیں، جبکہ دیگر سیاسی جماعتوں سے بھی رابطے جاری ہیں تاکہ مطلوبہ عددی برتری حاصل کی جا سکے۔ ترجمان نے واضح کیا کہ لوکل گورنمنٹ ایکٹ کے تحت تحریکِ عدم اعتماد پیش کرنے کے لیے اراکین کی کوئی مخصوص کم از کم تعداد مقرر نہیں ہے۔
ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ لوکل گورنمنٹ ایکٹ کے مطابق موجودہ میئر مرتضیٰ وہاب تحریکِ عدم اعتماد کی صورت میں نئے انتخاب میں حصہ نہیں لے سکیں گے۔
بلدیہ عظمیٰ کراچی میں مخصوص نشستوں سمیت سٹی کونسل کے اراکین کی مجموعی تعداد 367 ہے، جبکہ میئر کراچی کے خلاف تحریکِ عدم اعتماد کی کامیابی کے لیے 185 ووٹ درکار ہوں گے۔
دوسری جانب ذرائع کے مطابق میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کو تحریکِ انصاف کے منحرف 32 اراکین کی حمایت بھی حاصل ہے، جس کے باعث سٹی کونسل میں عددی مقابلہ سخت ہونے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
