اڈیالہ کا قیدی سزا پوری کرکے ہی آزاد ہوگا: فیصل کریم کنڈی

0

پشاور: گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ اڈیالہ کا قیدی اپنی سزا پوری کرنے کے بعد ہی آزاد ہوگا۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ صوبائی حکومت کا ایک ہی ایجنڈا ہے کہ قیدی کو کس طرح آزاد کرایا جائے، تاہم انہوں نے واضح کیا کہ قیدی اپنی سزا بھگت کر ہی آزاد ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر قیدی کو اسپتال لایا گیا ہے تو کسی مریض کا علاج کرنا کوئی غلط بات نہیں۔

گورنر خیبرپختونخوا نے وادی تیراہ میں آپریشن کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ تیراہ میں لوگ ہر سال سردیوں کے موسم میں نقل مکانی کرتے ہیں اور اس وقت صرف لفظی جنگ جاری ہے۔

انہوں نے بتایا کہ اس سال صوبائی حکومت نے اس مد میں 4 ارب روپے مختص کیے ہیں اور آئی ڈی پیز کی رجسٹریشن شروع کر دی گئی ہے۔ ان کے مطابق 50 سے 60 فیصد لوگ آپریشن کے خدشے کے پیش نظر نقل مکانی کر گئے ہیں، جبکہ اس سے قبل تقریباً 30 فیصد لوگ سردیوں میں بچوں کے ہمراہ نقل مکانی کیا کرتے تھے۔

فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ دہشتگردوں کے خلاف ہر جگہ آپریشن ہوگا، چاہے کسی کو اچھا لگے یا برا۔ انہوں نے کہا کہ چترال سے ڈیرہ اسماعیل خان تک جہاں بھی دہشتگرد موجود ہیں وہاں کارروائی کی جائے گی۔

گورنر خیبرپختونخوا نے پی ٹی آئی کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ وہ دو پارٹیاں بنا لیں، ایک پارٹی تحریکِ انتشار بھی بنا لیں۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اگر عید کے بعد 28ویں ترمیم آتی ہے تو اس پر پارلیمنٹ میں بحث ہوگی۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.