صدر زرداری سے ابوظبی پورٹس گروپ کی ملاقات، تجارتی و بحری روابط مضبوط بنانے پر اتفاق
اسلام آباد: صدرِ مملکت آصف علی زرداری سے ابوظہبی پورٹس گروپ کے اعلیٰ حکام نے ملاقات کی، جس میں پاکستان میں ابوظہبی پورٹس کی سرمایہ کاری، کراچی پورٹ کی توسیع اور بندرگاہوں کے جدید انفراسٹرکچر پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران کراچی پورٹ کی توسیع میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا، جبکہ دونوں برادر ممالک نے بندرگاہوں کے جدید انفراسٹرکچر کی ترقی اور بندرگاہوں کی مجموعی صلاحیت میں اضافے کیلئے مشترکہ حکمت عملی اپنانے پر بھی زور دیا۔
صدر آصف علی زرداری نے پاکستان کی بندرگاہوں کی ترقی میں ابوظہبی پورٹس کے کردار کو سراہتے ہوئے دارالحکومت اسلام آباد میں ابوظہبی پورٹس کے دفتر کے قیام کا خیرمقدم کیا۔
دونوں وفود کے درمیان گفتگو میں پاکستان میں ابوظہبی پورٹس کی سرمایہ کاری کے مزید مواقع پر بھی بات چیت ہوئی، جبکہ بحری تجارت کو فروغ دینے اور تجارتی روابط مضبوط بنانے کیلئے شراکت داری بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔
