ورلڈ کرکٹ فیسٹیول: پاکستان کی بھارت کے خلاف سنسنی خیز فتح، مصافحہ کی بحالی سے خوشگوار ماحول

0

پاکستان نے شاندار کارکردگی کا سلسلہ برقرار رکھتے ہوئے بھارت کو 5 رنز سے شکست دے کر ورلڈ کرکٹ فیسٹیول میں جاری ایف 2 ڈبل وکٹ ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میں رسائی حاصل کر لی۔

 میچ کے نتیجے سے بڑھ کر خوش آئند پہلو کھیل کے اختتام پر دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کے درمیان خوشگوار ماحول اور باہمی احترام کا اظہار تھا، جہاں بھارتی اور پاکستانی کھلاڑیوں کے درمیان مصافحے کے مناظر بھی دیکھنے میں آئے۔

جدہ میں کھیلے گئے اس میچ میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 4 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 56 رنز بنائے۔ شعیب ملک نے جارحانہ انداز میں 34 رنز کی اننگز کھیلی، جبکہ عمران نذیر نے 16 رنز کا اضافہ کیا۔

جواب میں بھارتی ٹیم مقررہ اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 51 رنز ہی بنا سکی اور ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی۔ اس فتح کے ساتھ پاکستان نے ٹورنامنٹ میں مسلسل تیسری کامیابی حاصل کی۔

اس سے قبل پاکستان نے متحدہ عرب امارات کو بھی شکست دی، جہاں پاکستان نے 4 اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر 82 رنز اسکور کیے، جبکہ حریف ٹیم اپنی تمام 6 وکٹیں گنوا بیٹھی۔ سری لنکا کے خلاف میچ میں لنکن لائنز نے 4 اوورز میں 75 رنز بنائے، تاہم پاکستان نے بغیر کسی وکٹ کے نقصان کے 99 رنز بنا کر ہدف حاصل کیا۔ اس میچ میں شعیب ملک نے شاندار 56 اور عمران نذیر نے 30 رنز کی اننگز کھیلی۔

ورلڈ کرکٹ فیسٹیول کا مرکز ایف 2 ڈبل وکٹ ورلڈ کپ ہے، جو کرکٹ کا ایک جدید اور تیز رفتار فارمیٹ ہے۔ ٹورنامنٹ میں 10 بین الاقوامی ٹیمیں شریک ہیں اور 4 دنوں میں مجموعی طور پر 23 میچز کھیلے جا رہے ہیں۔

 ایونٹ میں عالمی شہرت یافتہ کھلاڑیوں کے ساتھ سعودی قومی کھلاڑی بھی حصہ لے رہے ہیں، جو عالمی کرکٹ میں سعودی عرب کے بڑھتے ہوئے کردار کو اجاگر کرتا ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.