کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بارش و برفباری، سردی میں اضافہ، شاہراہیں متاثر

0

کوئٹہ: کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بارش اور برفباری کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے۔

 زیارت، کوژک ٹاپ، پرانا چمن اور شیلاباغ میں برفباری ریکارڈ کی گئی، جبکہ کوژک ٹاپ پر شدید برفباری کے باعث چمن، کوئٹہ اور کراچی کو ملانے والی اہم شاہراہ پر ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی۔

نیشنل ہائی وے اتھارٹی کی جانب سے سڑکوں سے برف ہٹانے کے لیے ہیوی مشینری کے ذریعے کلیئرنس کا عمل جاری ہے تاکہ ٹریفک کی بحالی کو یقینی بنایا جا سکے۔

دوسری جانب چمن میں گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش اور طوفانی ہواؤں کے باعث نشیبی علاقے زیرِ آب آگئے، جس سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آج بالائی خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں تیز بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔ اسلام آباد، پنجاب اور سندھ کے مختلف علاقوں میں بھی وقفے وقفے سے بارش ہو سکتی ہے۔

ادھر نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے شمالی علاقہ جات میں مزید بارش اور برفباری کے پیش نظر ممکنہ طغیانی اور ہنگامی صورتحال کے خدشے کے باعث الرٹ جاری کر دیا ہے۔ متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے اور عوام کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.