’ترقی سے سب کو فائدہ پہنچے گا‘، صبا قمر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے اقدامات کی معترف
لاہور: معروف اداکارہ صبا قمر نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے صوبے میں جاری ترقیاتی اور انتظامی اقدامات کی تعریف کی ہے۔
صبا قمر نے سوشل میڈیا پر وزیراعلیٰ کے حالیہ اقدامات پر مثبت ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب میں بہتری کے واضح آثار نظر آ رہے ہیں۔
حال ہی میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صوبائی انتظامیہ کے ساتھ ایک اجلاس کی صدارت کی، جس میں کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی گئی کہ صوبے بھر میں گٹروں کے ڈھکن لگائے جائیں اور سڑکوں پر موجود گٹروں کی درست اور محفوظ تعمیر کو یقینی بنایا جائے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار حادثے سے بچا جا سکے۔
وزیراعلیٰ کا یہ ویڈیو کلپ سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہا ہے، جس پر صبا قمر نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ اداکارہ نے مریم نواز کی تعریف کرتے ہوئے لکھا کہ وہ کچھ عرصے سے پنجاب بھر میں ہونے والی مثبت تبدیلیوں کا مشاہدہ کر رہی ہیں اور وزیراعلیٰ کی حالیہ تقریر نے بہتری کے لیے حقیقی عزم کا اظہار کیا ہے۔
صبا قمر کا کہنا تھا کہ بہتر طرزِ حکمرانی، عوامی فلاح و بہبود اور ترقی کے لیے اٹھایا گیا ہر قدم قابلِ تعریف ہے۔ انہوں نے مزید لکھا کہ ایسی پالیسیاں اور اقدامات نہ صرف عوام کے مسائل کے حل میں مددگار ثابت ہوں گے بلکہ مجموعی طور پر صوبے کی ترقی میں بھی اہم کردار ادا کریں گے۔
اداکارہ نے امید ظاہر کی کہ یہ مثبت تبدیلیاں مستقبل میں بھی جاری رہیں گی اور ان کے ثمرات پنجاب کے عوام کو براہِ راست ملیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ترقی سے سب کو فائدہ پہنچے گا اور اس عمل کو تسلسل کے ساتھ آگے بڑھنا چاہیے۔
