بلوچستان میں مسنگ پرسنز کا مسئلہ مستقل بنیادوں پر حل کر دیا گیا ہے: وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی
کوئٹہ:وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ صوبے میں مسنگ پرسنز کا مسئلہ مستقل بنیادوں پر حل کر دیا گیا ہے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ گڈ گورننس اور میرٹ کے ذریعے ہی بلوچستان کے عوام کی محرومیوں کا ازالہ کر کے انہیں ریاست کے ساتھ جوڑا جا سکتا ہے۔
سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان میں گورننس کو بہتر بنانے کے لیے صوبائی کابینہ کے اجلاس میں دو نئے ڈویژن پشین اور کوہِ سلیمان کے قیام کی منظوری دی گئی ہے، جبکہ مزید ڈویژن اور اضلاع بنانے پر بھی کام جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ ماضی میں مسنگ پرسنز کے مسئلے پر محض سیاست کی گئی، ریاست کو موردِ الزام ٹھہرا کر ووٹ حاصل کرنے کی کوششیں ہوئیں، تاہم موجودہ حکومت نے پہلی بار اس مسئلے کا مستقل حل نکالا ہے۔
وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے پاس مشتبہ افراد سے تفتیش کے لیے واضح قانونی فریم ورک موجود ہے، جس کے باعث اب لاپتا افراد کا الزام ریاست پر نہیں ڈالا جا سکے گا۔
سرفراز بگٹی نے مزید کہا کہ صوبے میں میرٹ کو یقینی بنانے کے لیے سرکاری ملازمین کی ڈگریوں کی تصدیق کا عمل شروع کیا جا رہا ہے۔ جعلی ڈگری رکھنے والوں کے خلاف ایف آئی آر درج کی جائے گی اور سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ اس عمل کا آغاز ڈیرہ بگٹی اور نصیرآباد سے کیا جائے گا۔
