قطر کے العدید ایئر بیس پر امریکی جنگی طیاروں کی سرگرمیوں میں تیزی
دوحا: امریکی جنگی طیاروں نے قطر میں واقع العدید ایئر بیس پر اپنی سرگرمیاں نمایاں طور پر بڑھا دی ہیں، جس سے خطے میں سکیورٹی صورتحال کے حوالے سے قیاس آرائیاں تیز ہو گئی ہیں۔
رپورٹس کے مطابق العدید ایئر بیس سے امریکی فضائیہ کے کے سی 135 ایئر ریفیولنگ ٹینکرز اور بی 52 اسٹریٹیجک بمبار سمیت متعدد جنگی طیاروں نے پروازیں کی ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ قطر میں واقع العدید ایئر بیس ایران کی سرحد سے تقریباً 200 سے 300 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے، جس کے باعث اس کی اسٹریٹجک اہمیت غیر معمولی ہے۔
دوسری جانب وائٹ ہاؤس کی ترجمان کیرولین لیویٹ نے امریکی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ متعدد مواقع پر واضح کر چکے ہیں کہ امریکا کی اولین ترجیح سفارتکاری ہے۔ تاہم انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ اگر حالات نے تقاضا کیا تو صدر ٹرمپ ایران کے خلاف امریکی فوجی طاقت کے استعمال سے گریز نہیں کریں گے۔
امریکی حکام کے مطابق خطے میں بڑھتی ہوئی سرگرمیوں پر گہری نظر رکھی جا رہی ہے، جبکہ سفارتی اور عسکری دونوں سطحوں پر آپشنز زیر غور ہیں۔ مبصرین کا کہنا ہے کہ العدید ایئر بیس پر بڑھتی ہوئی سرگرمیاں مشرقِ وسطیٰ میں ممکنہ تناؤ کی عکاس ہو سکتی ہیں۔
