ایرانی قوم نے دشمنوں کی سازشوں کو ناکام بنا دیا، حکومت کے حق میں مظاہرے تاریخی ہیں: آیت اللہ خامنہ ای
تہران: ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے حکومت کے حق میں ہونے والے مظاہروں پر ایرانی قوم کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام نے دشمنوں کی تمام سازشوں کو خاک میں ملا دیا ہے۔ انہوں نے ان مظاہروں کو ملکی تاریخ کا ایک تاریخی دن قرار دیا۔
سوشل میڈیا پر جاری اپنے پیغام میں آیت اللہ خامنہ ای نے کہا کہ عظیم ایرانی قوم نے آج ایک یادگار اور تاریخی دن رقم کیا ہے، اور ملک بھر میں ہونے والی عظیم ریلیوں نے غیر ملکی دشمنوں کی سازشوں کو مکمل طور پر ناکام بنا دیا ہے۔
سپریم لیڈر نے لکھا کہ غیر ملکی دشمنوں نے اندرونی کرائے کے ایجنٹوں کے ذریعے اپنے عزائم پر عمل کرانے کی کوشش کی، تاہم ایرانی قوم نے دشمنوں کے مقابلے میں اپنے عزم، وحدت اور قومی شناخت کا بھرپور اظہار کیا۔ ان کے مطابق آج کے مظاہرے دراصل امریکی سیاست دانوں کے لیے ایک واضح پیغام اور انتباہ تھے۔
آیت اللہ خامنہ ای کا کہنا تھا کہ امریکا اپنے فریبی اقدامات بند کرے اور اپنے آلۂ کاروں پر انحصار کرنا چھوڑ دے۔ انہوں نے کہا کہ ایرانی قوم مضبوط، طاقتور اور باخبر ہے، دشمن کو اچھی طرح پہچانتی ہے اور ہمیشہ ملک کے خلاف سازشوں کے مقابلے میں میدان میں موجود رہتی ہے۔
سپریم لیڈر کے بیان کے بعد حکومتی حامی حلقوں نے مظاہروں کو قومی یکجہتی کی علامت قرار دیتے ہوئے اسے بیرونی دباؤ کے خلاف عوامی ردعمل قرار دیا ہے۔
