’ ایرانی حکومت سے ہمیں مسئلہ ہے‘، اسرائیل کا ایران میں مظاہرین کی حمایت کا اعلان
تل ابیب:اسرائیل نے ایران میں حکومت کے خلاف احتجاج کرنے والے مظاہرین کی حمایت کا علانیہ اعلان کر دیا ہے۔
اسرائیلی وزیر خارجہ گیدون سار نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا کہ اسرائیل ایرانی عوام کی آزادی کے حق کے لیے نیک خواہشات رکھتا ہے اور ہمیں ایرانی عوام سے کوئی دشمنی نہیں، بلکہ ہمارا مسئلہ صرف ایرانی حکومت سے ہے جو دہشت گردی اور انتہا پسندی کی سب سے بڑی برآمد کنندہ ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایرانی حکومت نہ صرف اسرائیل بلکہ پورے خطے اور عالمی سطح پر ایک مسئلہ ہے، اور اس کے اقدامات عالمی امن و استحکام کے لیے خطرہ ہیں۔
اس سے قبل اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو نے کہا تھا کہ وہ ایران میں جاری مظاہروں کا بغور مشاہدہ کر رہے ہیں، اور آزادی کے مظاہرے پورے ملک میں پھیل گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل مظاہروں میں معصوم شہریوں کے قتل کی شدید مذمت کرتا ہے اور ایرانی عوام کی جدوجہد آزادی کی حمایت کرتا ہے۔
نیتن یاہو نے کابینہ اجلاس میں کہا کہ امید ہے ایرانی قوم جلد جبر و ظلم سے آزاد ہو جائے گی، اور اس دن آنے کے بعد اسرائیل اور ایران اپنے عوام کے پُرامن اور خوشحال مستقبل کے لیے دوبارہ وفادار شراکت دار بن جائیں گے۔
مزید برآں امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو سے اسرائیلی وزیراعظم کی فون پر گفتگو ہوئی، جس میں ایران میں مظاہروں کے ساتھ ساتھ غزہ اور شام کی موجودہ صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
تجزیہ کاروں کے مطابق اسرائیل کی یہ حمایت ایران میں داخلی کشیدگی کے دوران خطے کی جغرافیائی و سیاسی سیاست میں مزید پیچیدگی پیدا کر سکتی ہے۔
