بہترین سفارت کاری کی بدولت پاکستان خطے میں مرکز نگاہ بن گیا: عالمی جریدہ
اسلام آباد: عالمی جریدے دی ڈپلومیٹ کے مطابق پاکستان کی بہترین سفارت کاری اور مؤثر خارجہ پالیسی کی بدولت ملک خطے میں مرکز نگاہ بن گیا ہے۔
جریدے کے مطابق چین نے پاکستان کے بڑھتے ہوئے مؤثر کردار اور بہترین سفارت کاری کو بھرپور انداز میں سراہا ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ حکومت، ریاستی اداروں اور عوام کے قومی معاملات پر یکساں اور دوٹوک مؤقف کی عالمی سطح پر پذیرائی ہو رہی ہے، جس کی وجہ سے پاکستان خطے میں اہم مرکز کی حیثیت اختیار کر چکا ہے۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ چین پاکستان کو اقتصادی طور پر مضبوط اور سرحدوں کے پار بھی مؤثر کردار ادا کرنے والا ملک تصور کرتا ہے۔ امریکہ کے ساتھ بہتر تعلقات اور پاک-چین دوستی بھی درست سمت میں آگے بڑھ رہی ہے، اور چین پاکستان کے عالمی و علاقائی معاملات میں اہم کردار کی حمایت کرتا ہے۔
دی ڈپلومیٹ کے مطابق، چین پاکستان کو سلامتی کونسل اور ایس سی او کی صدارت کے لیے موزوں اور بہترین تصور کرتا ہے، اور پاکستان بھی چین کے ساتھ متعدد شعبوں میں اسٹریٹیجک شراکت داری کو اہمیت دیتا ہے۔ چین نے ایک بار پھر پاکستان کی خودمختاری، آزادی اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے اپنی غیر متزلزل حمایت کا اظہار کیا ہے۔
رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا کہ چین مسئلہ کشمیر کے سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل پر زور دیتا ہے اور افغان حکومت پر اعتدال پسندی اور پڑوسی ممالک کے ساتھ اچھے تعلقات قائم رکھنے کی ہدایت کرتا ہے۔ چین خطے اور عالمی سطح پر پاکستان کی موجودہ پالیسیوں کی بھرپور حمایت کر رہا ہے۔
ماہرین کے مطابق خطے اور عالمی سطح پر پاکستان کی موجودہ پالیسیوں کی حمایت، پاکستانی مؤقف کی بھرپور توثیق ہے اور ملک کی خارجہ پالیسی کی کامیابی کو اجاگر کرتی ہے۔
