ماڑی انرجیز کاسٹاک ایکسچینج کو خط، گیس کی الاٹمنٹ اور قیمتوں کی تفصیلات فراہم
کراچی:ماڑی انرجیز لمیٹڈ نے گیس کی الاٹمنٹ اور قیمتوں کی تفصیلات کے حوالے سے پاکستان سٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) کو باضابطہ خط ارسال کر دیا ہے۔
خط میں بتایا گیا کہ وفاقی حکومت نے ضلع گھوٹکی میں واقع غازیج اور شوال گیس فیلڈز سے مختلف کھاد فیکٹریوں کو گیس کی الاٹمنٹس جاری کر دی ہیں۔ کمپنی کے مطابق:پورٹ قاسم پر واقع ایف ایف سی کو یومیہ 104 ایم ایم ایس سی ایف ڈی خام گیس اور 80 ایم ایم ایس سی ایف ڈی پروسیسڈ گیس فراہم کی جائے گی۔
شیخوپورہ میں فاطمہ فرٹیلائزر کو روزانہ 68 ایم ایم ایس سی ایف ڈی خام اور 52 ایم ایم ایس سی ایف ڈی پروسیسڈ گیس مہیا ہوگی۔داؤد خیل میں ایگری ٹیگ کو یومیہ 50 ایم ایم ایس سی ایف ڈی خام گیس اور 38 ایم ایم ایس سی ایف ڈی پروسیسڈ گیس فراہم کی جائے گی۔
ماری انرجیز نے واضح کیا کہ کھاد فیکٹریوں کو خام گیس کی فراہمی اوگرا کی جانب سے مقرر کردہ قیمتوں پر ہی ہوگی۔ الاٹ شدہ گیس کو فیکٹریاں خود پروسیس کریں گی اور بعد ازاں سوئی گیس سسٹم کے ذریعے کارخانوں تک منتقل کیا جائے گا۔
خط میں یہ بھی کہا گیا کہ ملکی سوئی گیس نیٹ ورکس کو ضرورت پڑنے کی صورت میں کھاد فیکٹریاں باہمی طور پر گیس کا تبادلہ بھی کر سکیں گی۔ ماری انرجیز کے مطابق ان اقدامات کا مقصد گیس کی مؤثر فراہمی اور کھاد کی پیداوار کے تسلسل کو یقینی بنانا ہے۔
