امریکی بحریہ نے وینزویلا کی ناکہ بندی سے بچ نکلے والے روسی جہاز پر قبضہ کرلیا

0

واشنگٹن: امریکی بحریہ اور کوسٹ گارڈز نے وینزویلا کی ناکہ بندی سے بچ نکلنے والے روسی بحری جہاز پر قبضہ کر لیا۔ غیر ملکی خبررساں ایجنسیوں کے مطابق امریکی افواج طویل عرصے سے اس جہاز کا پیچھا کر رہی تھیں اور پہلے بھی اس پر قبضے کی کوشش کی جا چکی ہے۔

رپورٹس کے مطابق یہ جہاز ایک روسی آبدوز اور دیگر جنگی بحری جہازوں کی حفاظت میں سفر کر رہا تھا۔ تیل بردار یہ جہاز گزشتہ ماہ وینزویلا کے گرد امریکی جزوی ناکہ بندی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے خام تیل لے رہا تھا، جس کے بعد امریکی بحریہ اس کے تعاقب میں رہی۔

امریکی حکام کا کہنا ہے کہ یہ جہاز روس، ایران اور وینزویلا جیسے امریکی پابندیوں کے شکار ممالک کے خام تیل کو لے جانے والے نام نہاد ’شیڈو فلیٹ‘ کا حصہ ہے۔ امریکی اخبار وال اسٹریٹ جرنل نے دعویٰ کیا تھا کہ روس نے ٹینکر کی حفاظت کے لیے ایک آبدوز اور دیگر بحری جہاز روانہ کیے تھے، جبکہ سی بی ایس نیوز نے بھی دو امریکی حکام کے حوالے سے تصدیق کی ہے کہ روسی بحری دستہ اس جہاز کے ساتھ موجود تھا۔

روس کی وزارت خارجہ نے منگل کے روز اس معاملے پر تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ جہاز روسی پرچم کے تحت سفر کر رہا ہے اور امریکی ساحل سے بہت دور ہے۔ وزارت نے بتایا کہ نامعلوم وجوہات کی بنا پر روسی جہاز کو امریکی اور نیٹو افواج کی جانب سے غیر معمولی توجہ دی جا رہی ہے۔

یہ واقعہ عالمی سطح پر کشیدگی کو بڑھانے والا قرار دیا جا رہا ہے اور روس و امریکہ کے درمیان بحری حدود میں تنازعات کے حوالے سے توجہ کا مرکز بن گیا ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.