نواز شریف کے خلاف دائر کردہ الیکشن پٹیشن قانونی اور تکنیکی بنیادوں پر ناقابل سماعت قرار، انتخابی باب بند
لاہور: قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 130 سے متعلق انتخابی تنازع کا قانونی باب بند ہو گیا ہے۔ الیکشن ٹربیونل نے مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف کے خلاف ڈاکٹر یاسمین راشد کی دائر کردہ الیکشن پٹیشن کو مسترد کرتے ہوئے تفصیلی فیصلہ جاری کر دیا۔
الیکشن ٹربیونل کے فیصلے کے مطابق درخواست کو قانونی اور تکنیکی بنیادوں پر ناقابل سماعت قرار دیا گیا۔ ٹربیونل نے واضح کیا کہ نواز شریف کی کامیابی کا نوٹیفکیشن 14 فروری کو جاری کیا گیا تھا، تاہم مقررہ قانونی مدت میں الیکشن پٹیشن دائر نہیں کی گئی۔ عدالت نے قرار دیا کہ درخواست گزار کی جانب سے تاخیر کا جواز قانون کے مطابق قابل قبول نہیں۔
فیصلے میں مزید کہا گیا کہ ڈاکٹر یاسمین راشد کی جانب سے جمع کرائی گئی پٹیشن پر دستخط موجود نہیں تھے اور اسے قانونی تقاضے پورے کیے بغیر دائر کیا گیا، جس کی وجہ سے یہ درخواست قانوناً قابل سماعت نہیں تھی۔
عدالت نے واضح کیا کہ انتخابی قوانین کے تحت پٹیشن دائر کرنے کے لیے مقررہ مدت، طریقۂ کار اور دستاویزی شرائط کی پابندی لازم ہے، جن پر عمل نہ کرنے کی صورت میں درخواست خارج کی جا سکتی ہے۔
واضح رہے کہ ڈاکٹر یاسمین راشد نے این اے 130 میں نواز شریف کی کامیابی کو چیلنج کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا تھا کہ الیکشن کمیشن نے قانون کے منافی نوٹیفکیشن جاری کیا۔ تاہم الیکشن ٹربیونل نے ان دلائل کو مسترد کر دیا اور پٹیشن خارج کر دی۔
