وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کو سندھ آنے پر خوش آمدید کہیں گے: شرجیل میمن

0

کراچی :سندھ کے وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا جب بھی سندھ آئیں گے تو انہیں صوبے کی روایات کے مطابق خوش آمدید کہا جائے گا اور مکمل سیکیورٹی اور پروٹوکول فراہم کیا جائے گا۔

شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ سندھ کے عوام ہمیشہ مہمان نوازی کی روایت کو مقدم رکھتے ہیں اور سیاست میں اختلاف کے باوجود گھر آنے والے مہمان کا احترام کیا جاتا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پی ٹی آئی، مسلم لیگ (ن) اور دیگر سیاسی جماعتوں کے وزرائے اعلیٰ اور رہنماؤں کو بھی سندھ میں ویلکم کیا جائے گا۔

تاہم وزیر اطلاعات سندھ نے پی ٹی آئی کی طرز سیاست اور طرز حکمرانی پر شدید اعتراضات کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے دور حکومت میں طالبان اور دہشت گرد عناصر کو جیلوں سے رہا کیا گیا جس پر پیپلز پارٹی کو سنجیدہ تحفظات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی قیادت نے عوام کو گالی گلوچ اور نفرت انگیز سیاست کے سوا کوئی مثبت رویہ نہیں سکھایا۔

شرجیل میمن نے مزید کہا کہ قومی اداروں کے خلاف ہونے والے پروپیگنڈے پر بھی سخت اعتراضات ہیں، جبکہ خیبرپختونخوا میں دہشتگردی کے بڑھتے ہوئے واقعات تشویشناک ہیں اور اس حوالے سے ماضی کی پالیسیوں پر سوالات اٹھتے ہیں۔

دوسری جانب شرجیل میمن نے کہا کہ سندھ حکومت صحافی برادری کی فلاح و بہبود کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ صحافیوں نے 30 سے 40 سال میڈیا انڈسٹری کو دیے ہیں، ان کا مستقبل محفوظ ہونا چاہیے۔ اسی مقصد کے تحت میڈیا فیوچر پروٹیکشن پلان تیار کیا جا رہا ہے جسے پورے پاکستان میں نافذ کرنے کا ارادہ ہے۔ جہاں پیپلز پارٹی کی حکومت نہیں ہوگی وہاں مقامی حکومتوں کے ساتھ مل کر اقدامات کیے جائیں گے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.