پاکستان اور میانمار کا مشترکہ مسائل اور علاقائی امور پر قریبی رابطے برقرار رکھنے پر اتفاق

0

اسلام آباد: پاکستان اور میانمار نے دو طرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور مشترکہ مسائل سمیت خطے کی مجموعی صورتحال پر قریبی رابطے برقرار رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے میانمار کے وزیر خارجہ، ہز ایکسلینسی یو تھان سوے سے ٹیلی فونک گفتگو کی۔ اس موقع پر دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور میانمار کے درمیان دو طرفہ تعلقات کی موجودہ صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا۔

گفتگو کے دوران علاقائی اور عالمی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، جبکہ باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے پر زور دیا گیا۔ دونوں وزرائے خارجہ نے اس بات پر اتفاق کیا کہ بدلتی ہوئی علاقائی صورتحال کے تناظر میں رابطوں اور مشاورت کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے میانمار کے ساتھ دوستانہ تعلقات کو اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان خطے میں امن، استحکام اور تعاون کے فروغ کا خواہاں ہے۔ میانمار کے وزیر خارجہ یو تھان سوے نے بھی پاکستان کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کو مزید وسعت دینے کی خواہش کا اظہار کیا۔دونوں رہنماؤں نے مستقبل میں اعلیٰ سطح روابط کے تسلسل اور سفارتی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.