ایران میں مظاہرے جاری، حکومت کا ہر شہری کو ماہانہ 7 ڈالر الاؤنس دینے کا اعلان

0

تہران: ایران میں جاری معاشی دباؤ اور عوامی بے چینی کے تناظر میں ایرانی حکومت نے ہر شہری کو ماہانہ مالی الاؤنس دینے کا اعلان کر دیا ہے۔ حکام کے مطابق اس اقدام کا مقصد مہنگائی اور گرتی ہوئی قوتِ خرید کے باعث عوام پر پڑنے والے معاشی دباؤ کو کم کرنا ہے۔

ایرانی حکومت کی ترجمان فاطمہ مہاجرانی نے سرکاری ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ہر شہری کو ماہانہ 10 لاکھ تومان، جو تقریباً 7 امریکی ڈالر بنتے ہیں، فراہم کیے جائیں گے۔ یہ رقم چار ماہ کے لیے شہریوں کے اکاؤنٹس میں منتقل کی جائے گی، تاہم یہ نقد رقم کے بجائے کریڈٹ کی صورت میں دی جائے گی۔

سرکاری ترجمان نے وضاحت کی کہ یہ کریڈٹ مخصوص اشیائے ضروریہ کی خریداری کے لیے استعمال کیا جا سکے گا اور اسے براہِ راست نقد میں تبدیل نہیں کیا جا سکے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس اقدام کا بنیادی مقصد عوام کو روزمرہ اخراجات میں ریلیف فراہم کرنا اور بڑھتے ہوئے معاشی دباؤ کو کم کرنا ہے۔ یہ سہولت تمام ایرانی شہریوں کے لیے بلا تفریق چار ماہ تک جاری رہے گی۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق ایران کی آبادی 8 کروڑ 50 لاکھ سے زائد ہے، جہاں کم از کم ماہانہ اجرت تقریباً 100 ڈالر جبکہ اوسط تنخواہ لگ بھگ 200 ڈالر کے قریب ہے۔ ایسے میں اعلان کردہ الاؤنس کو محدود مگر علامتی ریلیف قرار دیا جا رہا ہے۔

رپورٹ کے مطابق ایران میں روزمرہ خریداری کے لیے زیادہ تر شہری نقد رقم کے بجائے موبائل فون ایپس اور ڈیبٹ کارڈز کے ذریعے ادائیگیاں کرتے ہیں، جس کے باعث کریڈٹ کی شکل میں دی جانے والی رقم کا استعمال نسبتاً آسان ہوگا۔

گزشتہ ایک سال کے دوران ایرانی کرنسی امریکی ڈالر کے مقابلے میں ایک تہائی سے زائد قدر کھو چکی ہے، جس کے نتیجے میں مہنگائی میں اضافہ، عوام کی قوتِ خرید میں شدید کمی اور ملک بھر میں احتجاجی مظاہروں میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ حکومتی اعلان کو ان مظاہروں کے پس منظر میں اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.