ممتاز عالمِ دین مولانا فضل الرحیم اشرفی انتقال کر گئے، سیاسی و سماجی شخصیات کا گہرے دکھ کا اظہار

0

لاہور: ممتاز عالمِ دین، محدث اور سرپرستِ اعلیٰ جامعہ اشرفیہ مولانا فضل الرحیم اشرفی انتقال کر گئے۔ ان کے انتقال سے دینی و تعلیمی حلقوں میں گہرے رنج و غم کی فضا قائم ہو گئی ہے۔

مولانا فضل الرحیم اشرفی وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے سرپرست، جامعہ اشرفیہ کے شیخ الحدیث اور سابق مہتمم کے طور پر بھی خدمات انجام دیتے رہے۔

مولانا فضل الرحیم اشرفی کا شمار برصغیر کے نامور علما میں ہوتا تھا۔ پاکستان سمیت دنیا بھر میں ان کے ہزاروں شاگرد دینی خدمات سرانجام دے رہے ہیں، جو ان کے علمی و فکری اثرات کا واضح ثبوت ہیں۔ انہوں نے اپنی پوری زندگی قرآن و سنت کی تعلیم، دینی اقدار کے فروغ اور طلبہ کی اخلاقی و فکری تربیت کے لیے وقف کر رکھی تھی۔

مرحوم کی نمازِ جنازہ  ظہر کی نمازکے بعد جامعہ اشرفیہ لاہور میں ادا کی گئی، جس میں علما کرام، مشائخ عظام، وفاقی و صوبائی وزرا، سیاسی و سماجی رہنماؤں سمیت عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ جنازے کے موقع پر رقت آمیز مناظر دیکھنے میں آئے۔

مولانا فضل الرحیم اشرفی کے انتقال پر وزیراعظم شہباز شریف، وفاقی وزیر احسن اقبال، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز، سابق وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق، امیر جمعیت علمائے اسلام مولانا فضل الرحمان، امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان سمیت متعدد سیاسی اور سماجی رہنماؤں نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ مولانا فضل الرحیم اشرفی ایک جید عالمِ دین، ممتاز محدث اور دینی تعلیم کے فروغ میں نمایاں خدمات انجام دینے والی عظیم شخصیت تھے۔ ان کی علمی و تدریسی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ مرحوم نے اپنی زندگی دینِ اسلام کی خدمت اور اخلاقی اقدار کے فروغ کے لیے وقف کر دی، جس سے بے شمار طلبہ اور علما نے استفادہ کیا۔

سیاسی و مذہبی حلقوں نے مولانا فضل الرحیم اشرفی کے انتقال کو دینی دنیا کے لیے ایک بڑا نقصان قرار دیتے ہوئے مرحوم کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا کی ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.