صوبائی مفادات کے لیے اسٹیبلشمنٹ سے بات چیت کے لیے تیار، وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا

0

پشاور: وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے صوبائی امور پر اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ تعلقات بہتر بنانے اور بات چیت کے لیے اپنی آمادگی ظاہر کی ہے۔ تاہم انہوں نے واضح کیا کہ بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے انہیں اس معاملے میں کوئی ہدایت نہیں دی۔

صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے سہیل آفریدی نے کہا کہ عمران خان نے اسٹیبلشمنٹ سے رابطے کا کام محمود خان اچکزئی اور علامہ ناصر عباس کو سونپ رکھا ہے، اور انہیں اس ضمن میں کوئی ذمہ داری تفویض نہیں کی گئی۔ انہوں نے زور دیا کہ صوبے کے مفاد میں تمام فریقین کو مل بیٹھنا چاہیے اور عوامی مفادات کے مطابق پالیسیاں بنانی چاہئیں۔

وزیراعلیٰ نے کہا، ’’اگر صوبائی معاملات پر بات چیت سے مسائل حل ہو سکتے ہیں تو میں اس کے لیے تیار ہوں۔‘‘ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اگر کوئی تقریب یا میٹنگ ہوئی تو وہ فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ملاقات کریں گے۔

سہیل آفریدی نے کہا کہ ملک میں آئین و قانون کی بالادستی ضروری ہے اور عمران خان کی رہائی کے لیے حالات اور ماحول کا سازگار ہونا لازم ہے۔ بانی پی ٹی آئی کی بہنوں کے سیاسی کردار کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ ان کا باہر نکلنا جائز ہے اور وہ عمران خان کی رہائی کے لیے عوامی حمایت متحرک کر رہی ہیں۔انہوں نے لاہور کے دورے کے دوران نامناسب زبان استعمال کرنے کے اپنے ردعمل پر معذرت بھی کر لی۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.