سردار یاسر الیاس کو آزاد کشمیر کے آئندہ وزیراعظم بنانے کی خبریں بے بنیاد، فاروق حیدر نے خاموشی توڑ دی

0

اسلام آباد: آزاد کشمیر کے سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما راجہ فاروق حیدر نے حالیہ دنوں میڈیا میں زیر گردش خبروں پر ردِ عمل دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ معروف بزنس مین یاسر الیاس کو آزاد کشمیر کا آئندہ وزیراعظم بنانے کے حوالے سے خبریں درست نہیں ہیں۔

ایک  انٹرویو دیتے ہوئے راجہ فاروق حیدر نے کہا، ’’یہ ایسے ہی ہے جیسے شام کے وقت آپ مجھ سے پوچھیں کہ کیا ٹائم ہوا ہے تو میں کہوں کہ صبح کے 8 بجے ہیں۔ سردار یاسر الیاس ابھی تک مسلم لیگ ن میں باضابطہ شمولیت ہی نہیں رکھتے۔‘‘

راجہ فاروق حیدر  نے مزید کہا کہ مسلم لیگ ن آئندہ آزاد کشمیر میں حکومت بنانے کی پوزیشن میں ہے، تاہم نئے وزیراعظم کا حتمی فیصلہ پارٹی کے قائد نواز شریف کریں گے۔ فاروق حیدر نے لاہور میں حالیہ پارٹی میٹنگ کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ نواز شریف نے پارٹی کے تنظیمی امور پر واضح کیا کہ ’’یہ نہیں ہونا چاہیے کہ ہر کوئی وزیراعظم بنتا پھرے، پہلے الیکشن جیتیں، وزیراعظم کا فیصلہ بعد میں ہوگا۔‘‘

واضح رہے کہ سردار یاسر الیاس اس وقت وزیراعظم پاکستان کے کوآرڈی نیٹر برائے سیاحت ہیں، اور حالیہ دنوں میڈیا پر یہ خبریں سامنے آئیں کہ انہیں آزاد کشمیر کے نئے وزیراعظم کے لیے تیار کیا جا رہا ہے، جسے فاروق حیدر نے مسترد کر دیا ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.