یوکرین میں بڑی سیاسی تبدیلی، زیلنسکی کے انٹیلیجنس چیف صدارتی انتظامیہ کےسربراہ مقرر

0

کیف: یوکرین کے صدر ولودومیر زیلنسکی نے جنگی حالات کے تناظر میں حکومت میں اہم رد و بدل کرتے ہوئے ملٹری انٹیلیجنس کے سربراہ کیریلو بودانوف کو صدارتی انتظامیہ کا نیا سربراہ مقرر کر دیا ہے۔ اس فیصلے کو یوکرین کی قومی سلامتی اور حکومتی حکمتِ عملی کے حوالے سے ایک بڑی پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

صدر زیلنسکی نے اس موقع پر ڈرون اور ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے ماہر میخائیلو فیڈوروف کو وزیرِ دفاع نامزد کرنے کی تجویز بھی دی ہے، جس کا مقصد جدید جنگی تقاضوں کے مطابق دفاعی نظام کو مزید مؤثر بنانا بتایا جا رہا ہے۔

یہ تقرریاں ایسے وقت میں سامنے آئی ہیں جب یوکرین روس کے ساتھ جاری جنگ کے خاتمے کے لیے امریکی حمایت یافتہ سفارتی کوششوں میں اپنی پوزیشن مضبوط کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ صدر زیلنسکی کے مطابق ان اقدامات کا مقصد قومی سلامتی، فوجی امور اور سفارت کاری پر زیادہ مربوط اور مؤثر توجہ مرکوز کرنا ہے۔

کیریلو بودانوف نے صدارتی انتظامیہ کے سربراہ کے طور پر تقرری قبول کرتے ہوئے کہا کہ وہ ریاست کی اسٹریٹجک سیکیورٹی کو اپنی اولین ترجیح بنائیں گے اور جنگی و سفارتی محاذوں پر مؤثر رابطہ کاری کو یقینی بنایا جائے گا۔

صدر زیلنسکی نے عندیہ دیا ہے کہ بدلتی ہوئی صورتحال کے پیش نظر حکومت میں مزید اہم تبدیلیاں بھی متوقع ہیں، تاکہ جنگی حالات میں ریاستی اداروں کی کارکردگی کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.