سی ڈی اے متاثرین کی بحالی اور آبادکاری کو قانونی تحفظ، صدر زرداری نے ترمیمی بل 2025 پر دستخط کر دئیے
اسلام آباد: صدر مملکت آصف علی زرداری نے آج سی ڈی اے ترمیمی بل 2025 پر دستخط کر دیے جس کے بعد یہ بل باقاعدہ قانون کی شکل اختیار کر گیا۔ اس قانون کے نفاذ کے ساتھ ہی سی ڈی اے متاثرین کی بحالی اور آبادکاری کے حقوق کو قانونی تحفظ حاصل ہو گیا ہے۔
ترمیمی بل کے مطابق، سابقہ زمینوں اور مکانات کے مالک متاثرین کو نہ صرف رہائشی حقوق کی ضمانت دی گئی ہے بلکہ انہیں اپنے علاقے میں آباد ہونے کا قانونی حق بھی حاصل ہو گا۔ بل میں متاثرین کے لیے قانونی معاونت اور تنازعات کے حل کے لیے مخصوص اقدامات شامل کیے گئے ہیں تاکہ کسی بھی غیر قانونی قبضے یا ہٹانے کے معاملے میں متاثرین محفوظ رہیں۔
صدر زرداری نے کہا کہ حکومت عوامی مفاد اور متاثرین کے حقوق کے تحفظ کو اولین ترجیح دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سی ڈی اے ترمیمی بل 2025 کے نفاذ سے متاثرین کے لیے یقین دہانی ہوگی کہ وہ قانونی طور پر اپنے حق کی حفاظت کر سکیں گے اور کسی بھی قسم کی بے دخلی یا غیر قانونی مداخلت سے محفوظ رہیں گے۔
وفاقی حکومت اور کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) نے اس بل کی منظوری کو متاثرین کے حقوق کے تحفظ کے لیے ایک تاریخی اقدام قرار دیا ہے۔ اس کے تحت متاثرین کے علاقوں کی ترقی اور بنیادی سہولیات کی فراہمی بھی یقینی بنائی جائے گی۔
سی ڈی اے ترمیمی بل 2025 کے نفاذ کے بعد، متاثرین اب عدالت یا متعلقہ حکومتی محکموں کے ذریعے اپنے حقوق کے لیے قانونی چارہ جوئی کر سکتے ہیں اور انہیں مکمل تحفظ فراہم کیا جائے گا۔
