وزیراعظم شہباز شریف سے سعودی سفیر کی ملاقات، پاک سعودی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف سے پاکستان میں تعینات مملکتِ سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید احمد المالکی نے آج شام وزیراعظم ہاؤس میں ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران وزیراعظم نے خادمِ حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود اور سعودی عرب کے وزیر اعظم و ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کے لیے اپنے گہرے احترام اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
وزیراعظم نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دوطرفہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے دونوں برادر ممالک کے دیرینہ، مضبوط اور مثالی تعلقات کو مزید گہرا کرنے کے اپنے پختہ عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی جانب سے پاکستان کی مسلسل حمایت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس تعاون سے دونوں ممالک کے تعلقات مزید قریب ہوئے ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے رواں سال کے دوران ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے ساتھ ہونے والی ملاقاتوں کا بھی حوالہ دیا، جنہیں انہوں نے انتہائی نتیجہ خیز قرار دیا۔ ان ملاقاتوں نے پاک سعودی دوطرفہ تعلقات کو نئی بلندیوں تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔ وزیراعظم نے مشکل اوقات میں سعودی عرب کی جانب سے پاکستان کی مسلسل حمایت اور خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے اس کے تعمیری کردار کو بھی سراہا۔
ملاقات کے دوران حالیہ علاقائی اور عالمی پیش رفت پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم نے اس موقع پر مذاکرات اور سفارتکاری کے ذریعے امن و استحکام کے قیام کی ضرورت پر زور دیا۔
سعودی سفیر نواف بن سعید احمد المالکی نے خادمِ حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعیز آل سعود اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی جانب سے وزیراعظم کے لیے تہنیتی پیغام پہنچایا۔ انہوں نے پاکستان کے ساتھ باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے کے لیے مملکتِ سعودی عرب کی خواہش کا بھی اعادہ کیا۔
