پارلیمانی کمیٹی برائے کشمیر کا اِن کیمرہ اجلاس، مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے لیے متحدہ بیانیے پر زور

0

اسلام آباد:پارلیمانی کمیٹی برائے کشمیر کا اِن کیمرہ اجلاس پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں منعقد ہوا، جس کی صدارت چیئرمین پارلیمانی کمیٹی برائے کشمیر و وفاقی وزیر رانا محمد قاسم نون نے کی۔

 اجلاس میں وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر فیصل ممتاز راٹھور، قائم مقام صدر آزاد جموں و کشمیر و اسپیکر قانون ساز اسمبلی چوہدری لطیف اکبر، وفاقی وزراء، سینیٹرز، اراکین قومی اسمبلی اور آزاد جموں و کشمیر کی مختلف جامعات کے وائس چانسلرز نے شرکت کی۔اجلاس کے آغاز میں چیئرمین پارلیمانی کمیٹی برائے کشمیر و وفاقی وزیر رانا محمد قاسم نون کی والدہ کے ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر رانا محمد قاسم نون نے کہا کہ مسئلہ کشمیر تقسیمِ برصغیر پاک و ہند کا نامکمل ایجنڈا ہے اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق اس کا حل ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ سات دہائیوں سے زائد عرصے سے جموں و کشمیر کے عوام کو ان کے بنیادی حقِ خود ارادیت سے محروم رکھا گیا ہے، جو عالمی ضمیر کے لیے ایک بڑا سوالیہ نشان ہے۔

وفاقی وزیر نے زور دیا کہ مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر مؤثر انداز میں اجاگر کرنے کے لیے نوجوانوں، دانشوروں اور میڈیا کو ایک متحدہ بیانیہ اختیار کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کی جامعات میں تحقیق، معیارِ تعلیم اور ایکسیلینس کو فروغ دیا جانا چاہیے جبکہ آزاد کشمیر میں ٹیکنیکل اور ووکیشنل اداروں کا قیام وقت کی اہم ضرورت بن چکا ہے۔

رانا محمد قاسم نون نے مطالبہ کیا کہ قومی نصابِ تعلیم میں کشمیر اسٹڈیز، کشمیری ثقافت، زبان اور آزادیٔ جموں و کشمیر سے متعلق موضوعات کو شامل کیا جائے تاکہ نئی نسل کو مسئلہ کشمیر کی تاریخی اور سیاسی اہمیت سے آگاہ کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی رائے عامہ کو ہموار کرنے کے لیے نوجوانوں میں مسئلہ کشمیر کے حوالے سے شعور اجاگر کرنا ناگزیر ہے۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے پارلیمانی کمیٹی برائے کشمیر کی کارکردگی کو قابلِ تحسین قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کو درپیش چیلنجز سے حکومت بخوبی آگاہ ہے اور آزاد کشمیر کی ترقی کے لیے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر کی جامعات معیاری تعلیم کی فراہمی میں مؤثر کردار ادا کر رہی ہیں۔

قائم مقام صدر آزاد جموں و کشمیر و اسپیکر قانون ساز اسمبلی چوہدری لطیف اکبر نے اپنے خطاب میں کہا کہ بھارت مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کر رہا ہے اور بھارتی قابض افواج معصوم کشمیریوں کا خون بہا رہی ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان ہمیشہ کشمیری عوام کے حقِ خود ارادیت کے لیے عالمی سطح پر آواز بلند کرتا رہا ہے۔

چوہدری لطیف اکبر نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی قومی اور خارجہ پالیسی کا بنیادی ستون ہے اور نصابِ تعلیم میں کشمیری زبان، ثقافت اور تہذیب کی شمولیت ناگزیر ہے۔ انہوں نے آزاد کشمیر کی جامعات کو مالی استحکام دینے کے لیے وفاقی حکومت کی معاونت کو ضروری قرار دیا۔

اجلاس کے اختتام پر اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ مسئلہ کشمیر کو ہر عالمی فورم پر بھرپور انداز میں اجاگر کیا جائے گا اور کشمیری عوام کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھی جائے گی۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.