کنگ سلمان ریلیف کا معاشی بااختیاری منصوبہ، مستحق گھرانوں میں مرغیوں کی تقسیم کا دوسرا مرحلہ مکمل

0

اسلام آباد:کنگ سلمان ہیومینیٹیرین ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر نے پاکستان میں ’مویشیوں کی فراہمی کے ذریعے کمزور گھرانوں کی معاشی بااختیاری کے منصوبے‘ کے دوسرے مرحلے کو کامیابی سے مکمل کر لیا ہے۔

اس مکمل شدہ مرحلے کے تحت خیبرپختونخوا کے 4 اضلاع سوات، صوابی، ہری پور اور مانسہرہ میں ایک ہزار مستحق گھرانوں کو پولٹری پر مبنی روزگار کے جامع پیکیجز فراہم کیے گئے۔

ہر مستفید ہونے والے خاندان کو 25 مرغیاں جبکہ اس کے ساتھ ایک مکمل پولٹری کٹ بھی دی گئی جس میں 50 کلوگرام فیڈ، فیڈرز کے دو سیٹ، ایک واٹر ڈرنکر، انڈے رکھنے کی ٹرے اور حفاظتی جالی شامل تھی۔

مزید برآں محکمہ لائیو اسٹاک کے تعاون سے پولٹری مینجمنٹ اور آمدن کے مواقع سے متعلق 40 تربیتی سیشنز منعقد کیے گئے، جن کا مقصد مستحق افراد کو پائیدار اور چھوٹے پیمانے پر پولٹری کاروبار کے لیے ضروری مہارتیں فراہم کرنا تھا۔

یہ منصوبہ پیس اینڈ ڈیولپمنٹ آرگنائزیشن کے ذریعے ریلیف، محکمہ ریلیف، بحالی و آبادکاری خیبرپختونخوا، صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی اور مقامی انتظامیہ کے باہمی تعاون سے نافذ کیا گیا۔اس اقدام کا مقصد چاروں اضلاع میں کمزور گھرانوں کی معاشی مضبوطی، غذائی تحفظ اور گھریلو غذائیت کو بہتر بنانا تھا۔

اس مرحلے کی کامیاب تکمیل کے ساتھ یہ منصوبہ خود انحصاری، باعزت روزگار کے مواقع، بہتر غذائیت اور طویل المدتی معاشی استحکام کے فروغ میں مؤثر ثابت ہوا ہے، جو پاکستان بھر میں کمزور طبقات کو بااختیار بنانے کے لیے کنگ سلمان ریلیف سینٹر کے مسلسل عزم کی عکاسی کرتا ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.