گھوٹکی: پولیس آپریشن میں انتہائی مطلوب ڈاکو شاہو کوش سمیت 12 ہلاک

0

گھوٹکی: رونتی کے کچے کے علاقوں میں ڈاکوؤں کے خلاف جاری بڑے پولیس آپریشن کے دوران 50 لاکھ روپے انعامی رقم والا انتہائی مطلوب ڈاکو شاہو کوش ہلاک ہوگیا۔

ڈی آئی جی سکھر فیصل عبداللہ چاچڑ کے مطابق پولیس اور رینجرز کے مشترکہ آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں شاہو کوش مارا گیا، جس پر پنجاب حکومت نے 50 لاکھ روپے انعام مقرر کر رکھا تھا۔

ڈی آئی جی سکھر کا کہنا تھا کہ ہلاک ڈاکو شاہو کوش رحیم یار خان میں 12 پولیس اہلکاروں کی شہادت کے مقدمے میں مطلوب تھا، جبکہ وہ سندھ اور پنجاب پولیس کو 30 سے زائد سنگین وارداتوں، اغوا برائے تاوان اور پولیس پارٹیوں پر حملوں کے کیسز میں بھی مطلوب تھا۔پولیس حکام کے مطابق آپریشن کے دوران اب تک 12 ڈاکوؤں کو ہلاک کیا جا چکا ہے جبکہ متعدد کی تلاش جاری ہے۔

ترجمان پولیس نے بتایا کہ کچے کے علاقے میں پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری تعینات ہے، اور علاقے میں بکتر بند گاڑیوں کی مدد سے سرچ آپریشن کیا جا رہا ہے تاکہ باقی ماندہ ڈاکوؤں کے نیٹ ورک کو بھی ختم کیا جا سکے۔

علاقے میں صورتحال کشیدہ ہے، تاہم پولیس حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ ڈاکوؤں کے خلاف آپریشن فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہو چکا ہے اور جلد امن و امان کی صورتحال مکمل طور پر بحال کر لی جائے گی۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.