فلم ڈائریکٹر نے کوریوگرافی کے دوران جنسی ہراسانی کی کوشش کی، فرح خان کا انکشاف
ممبئی: معروف بالی وڈ کوریوگرافر اور فلم ساز فرح خان نے ایک ٹی وی شو میں انکشاف کیا ہے کہ اپنے کیرئیر کے ابتدائی دور میں ایک فلم ڈائریکٹر نے انہیں جنسی ہراسانی کا نشانہ بنانے کی کوشش کی۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق فرح خان نے اداکارہ ٹوئنکل کھنہ اورکاجول کے شو میں گفتگو کرتے ہوئے کئی دلچسپ موضوعات پر بات کی، تاہم ایک موقع پر انہوں نے اپنے ساتھ پیش آنے والا تلخ واقعہ بھی بیان کیا۔
فرح خان نے بتایا کہ “میں ایک فلم میں کوریوگرافی کر رہی تھی۔ ایک روز میں اپنے کمرے میں گئی اور بستر پر بیٹھی تھی کہ فلم کا ڈائریکٹر گانے پر بات کرنے کے بہانے میرے کمرے میں آیا اور میرے بالکل قریب بیٹھ گیا۔”انہوں نے کہا کہ “اس کے رویے سے میں فوراً سمجھ گئی کہ اُس کا ارادہ درست نہیں، لہٰذا میں نے فوری طور پر اُسے اپنے کمرے سے باہر نکال دیا۔”
فرح خان کا کہنا تھا کہ “اُس وقت حالات ایسے تھے کہ مجھے ہر حال میں کام کرنا تھا کیونکہ ہمارے پاس زیادہ وسائل نہیں تھے۔ اسی لیے میں نے ہمیشہ کوشش کی کہ میں اتنے پیسے کما سکوں کہ میرے بچوں کو کبھی کسی مالی یا پیشہ ورانہ پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔”
اس موقع پر شو کی میزبان ٹوئنکل کھنہ نے فرح خان کی بات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا، “میں اس واقعے کی گواہ ہوں۔ وہ فلم ساز واقعی فرح کے پیچھے پڑا ہوا تھا۔ مجھے یاد ہے، میں نے فرح سے کہا تھا کہ اسے پیٹ دو، کیونکہ اس نے بہت حد پار کر دی تھی۔”فرح خان کے اس انکشاف کے بعد بالی وڈ انڈسٹری میں ایک بار پھر جنسی ہراسانی اور طاقت کے غلط استعمال کے موضوع پر بحث چھڑ گئی ہے۔
