بھارتی کرکٹ بورڈ پر اثر و رسوخ کے استعمال کا الزام، گریگ چیپل بھی میدان میں آگئے

0

دہلی:بھارت کے سابق ہیڈ کوچ گریگ چیپل نے ایک نیا انکشاف کرتے ہوئے بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) پر سخت تنقید کی ہے۔

گریگ چیپل نے دعویٰ کیا ہے کہ سابق بی سی سی آئی اور آئی سی سی چیف جگموہن ڈالمیا نے 2005 میں سورو گنگولی کی معطلی کی مدت کم کرنے کی پیشکش کی تھی۔

یہ انکشاف اُس وقت سامنے آیا ہے جب سابق انگلش کرکٹر اور میچ ریفری کرس براڈ نے بی سی سی آئی پر اپنے اثر و رسوخ کے غلط استعمال اور معاملات کو سیاسی رنگ دینے کا الزام لگایا تھا۔

دی ٹیلی گراف کو دیے گئے ایک انٹرویو میں کرس براڈ نے بتایا کہ ایک میچ کے دوران انہیں فون پر ہدایت دی گئی کہ سورو گنگولی کی قیادت میں کھیلنے والی بھارتی ٹیم پر سست اوور ریٹ کے باعث جرمانہ عائد نہ کیا جائے۔اگرچہ انہوں نے کسی مخصوص میچ کا ذکر نہیں کیا، مگر اشارے 2005 کی ایک ممکنہ ون ڈے سیریز کی طرف تھے۔

گریگ چیپل نے اس معاملے پر بات کرتے ہوئے مزید انکشاف کیا کہ ڈالمیا نے ان سے کہا کہ وہ گنگولی کی معطلی کم کرا سکتے ہیں تاکہ وہ سری لنکا کے دورے پر جا سکے،سڈنی مارننگ ہیرالڈ سے گفتگو میں چیپل نے بتایا کہ انہوں نے انکار کرتے ہوئے کہا کہ وہ نظام کو خراب نہیں کرنا چاہتے۔’گنگولی کو اپنی سزا پوری کرنا ہوگی، ڈالمیا کو بھی یہ منظور تھا کہ وہ کچھ میچز سے محروم رہیں۔‘

چیپل کا بطور بھارتی ہیڈ کوچ پہلا دورہ 2005 میں انڈین آئل کپ کے نام سے سری لنکا میں ہونے والی سہ ملکی سیریز تھی۔اسی دوران گنگولی کو سست اوور ریٹ کی وجہ سے ابتدائی 2 میچز کے لیے معطل کیا گیا تھا۔

بعد ازاں اس سال گنگولی کو ٹیم سے بھی باہر کر دیا گیا۔ تاہم 07-2006 میں وہ دوبارہ ٹیم میں واپس آئے, لیکن اس وقت گریگ چیپل نے اپنا معاہدہ بی سی سی آئی کے ساتھ مزید بڑھانے سے انکار کر دیا تھا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.