مولانا فضل الرحمن سے تحریک انصاف کے وفد کی ملاقات، محمود خان اچکزئی کی اپوزیشن لیڈر نامزدگی پر اتفاق
اسلام آباد:پاکستان تحریک انصاف کے وفد کی جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمن سے ملاقات ہوئی ہے جس میں محمود خان اچکزئی کے بطور اپوزیشن لیڈر نامزدگی پر اتفاق کیا گیا۔
پی ٹی آئی کا وفد مولانا فضل الرحمن کی رہائش گاہ پہنچا، وفد میں سابق سپیکر اسد قیصر، صوبائی صدر جنید اکبر،شہرام ترکئی شامل تھے،ملاقات میں جے یو آئی کے مولانا صلاح الدین ایوبی، جلال الدین ایڈووکیٹ، مولانا اسجد محمود بھی شریک ہوئے۔
جے یو آئی کے اعلامیے کے مطابق ملاقات میں ملکی سیاسی اور خطے کی صورتحال پر گفتگو ہوئی۔پی ٹی آئی وفد نے خیبرپختونخواہ میں پی ٹی آئی کے قومی جرگہ کی تجویز پر مولانا فضل الرحمن سے مشاورت کی۔ مولانا فضل الرحمن نے قومی جرگہ کی تجویز کا خیر مقدم کیا۔
پی ٹی آئی وفد نے مولانا فضل الرحمان سے پارلیمنٹ میں اپوزیشن کو متحد کرنے کے لیے کردار ادا کرنے کی اپیل کی۔ ملاقات میں محمود خان اچکزئی کے بطور اپوزیشن لیڈر نامزدگی پر بھی اتفاق کیا گیا۔جے یو آئی کے اعلامیے میں کہا گیا کہ پی ٹی آئی وفد نے کے پی اسمبلی سے سینیٹ کی خالی نشست پر جے یو آئی سے تعاون کی درخواست کی۔
