پاکستان قدرتی وسائل سے مالا مال، موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات کی وجہ سے بے بس ہیں، شہباز شریف
ریاض :وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلی سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے 10 ممالک میں شامل ہے، اس آفت سے ہونے والے نقصانات کے ازالے کے لیے عالمی برادری کو اپنا حصہ ڈالنا ہوگا۔
ریاض میں فیوچر انویسٹمنٹ انیشی ایٹو کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے ترقی کے ویژن کا خیرمقدم کرتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ پاکستان قدرتی وسائل سے مالا مال ملک ہے، ہم ملک کی ترقی کے لیے انقلابی اقدامات کررہے ہیں، اور مختلف محکموں میں اصلاحات کا عمل جاری ہے۔
وزیراعظم نے کہاکہ رواں سال پاکستان ایک بار پھر سیلاب اور کلاؤڈ برسٹ کا شکار ہوا، موسمیاتی تبدیلیوں کا سامنا کرنے کے باعث ہم بے بس ہیں۔
شہباز شریف نے کہاکہ اپنے پیروں پر کھڑے ہونے کی بھرپور کوشش کررہے ہیں، بار بار قرضہ لینے سے معیشت کمزور پڑ جاتی ہے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان تیزی سے اے آئی کی طرف بڑھنے والے ممالک میں شامل ہے، کوشش ہے پاکستان کی زراعت کو اے ٹیکنالوجی سے منسلک کیا جائے۔
وزیراعظم نے کہاکہ ہم اپنی غلطیوں سے سبق سیکھ کر آگے بڑھ رہے ہیں، ایف بی آر میں اصلاحات کرکے مکمل ڈیجیٹائز کردیا گیا، جس کے بعد کرپشن میں خاطر خواہ کمی واقع ہوئی ہے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان کی 60 فیصد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے، ہم ملکی ترقی کے لیے انقلابی اقدامات کررہے ہیں۔
