دبئی: ’بیوٹی ورلڈ مڈل ایسٹ 2025‘ تجارتی نمائش میں پاکستان پویلین کا افتتاح
دبئی میں پاکستان کے قونصل جنرل حسین محمد نے اس ہفتے ’بیوٹی ورلڈ مڈل ایسٹ 2025‘ تجارتی نمائش کے 29ویں ایڈیشن میں پاکستان پویلین کا افتتاح کیا، جس میں پاکستان کے 16 نمائشی ادارے حصہ لے رہے ہیں۔
بیوٹی ورلڈ مڈل ایسٹ 2025‘ دنیا کی خوبصورتی اور ویلز کی صنعت سے متعلق سب سے بااثر سالانہ نمائشوں میں سے ایک ہے، جس میں دنیا بھر سے 2 ہزار 400 سے زیادہ نمائش کنندگان شریک ہیں۔
یہ نمائش خوبصورتی کے آلات، کاسمیٹکس، اسکن کیئر مصنوعات، مشینری و پیکجنگ، خوشبو سازی اور پرفیومری سمیت کئی اہم شعبوں پر مشتمل ہے۔ اس کا 29واں ایڈیشن 27 سے 29 اکتوبر تک دبئی کے ورلڈ ٹریڈ سینٹر میں جاری ہے۔
دبئی میں پاکستانی قونصل خانے سے جاری بیان کے مطابق حسین محمد نے ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان کے بینر تلے شریک پاکستانی نمائندوں کی بھرپور شرکت کو سراہا اور پاکستان کی برآمدات کے فروغ کے لیے اعلیٰ معیار کی مصنوعات پیش کرنے پر انہیں خراجِ تحسین پیش کیا۔
قونصل جنرل حسین محمد نے کہاکہ پاکستان خوبصورتی کے آلات اور مصنوعات کی تیاری میں تیزی سے ترقی کر رہا ہے، خاص طور پر بیوٹی انسٹرومنٹس کے شعبے میں پاکستانی صنعت کاروں نے عالمی سطح پر ایک مضبوط پہچان قائم کی ہے۔
قونصل جنرل نے اس موقع پر کہاکہ متحدہ عرب امارات پاکستانی کاروباری اداروں کے لیے ایک بہترین پلیٹ فارم فراہم کرتا ہے، جہاں وہ اپنی مصنوعات کو خطے اور عالمی منڈیوں میں متعارف کروا سکتے ہیں۔انہوں نے مزید کہاکہ اس نوعیت کی بین الاقوامی نمائشیں تجارتی سرگرمیوں کے فروغ اور پاکستان کی برآمدات کو عالمی منڈیوں میں وسعت دینے میں نہایت اہم کردار ادا کرتی ہیں۔
ٹریڈ اور انویسٹمنٹ کونسلر علی زیب خان کے مطابق پاکستان قونصلیٹ نے نمائش سے قبل تیاریوں کے دوران اور ایونٹ کے دوران پاکستانی نمائشی اداروں کو مکمل تعاون اور سہولت فراہم کی۔
