برطانوی وزیراعظم کا مسلم کمیونٹی اور مساجد کے تحفظ کیلئے 10 ملین پاؤنڈ فنڈ کا اعلان

0

لندن: برطانوی وزیراعظم سر کیئر اسٹارمر نے ملک بھر میں مسلم کمیونٹی اور مساجد کو نفرت انگیز حملوں سے محفوظ رکھنے کے لیے 10 ملین پاؤنڈ کی اضافی فنڈنگ کا اعلان کردیا۔

وزیراعظم کیئر اسٹارمر نے وزیر داخلہ شبانہ محمود کے ہمراہ مشرقی سسیکس کی ایک مسجد کا دورہ کیا، جہاں رواں ماہ کے آغاز پر مسجد کے دروازے کے ساتھ ایک گاڑی کو آگ لگا دی گئی تھی۔ اس واقعے نے ملک بھر میں مسلم برادری میں خوف و تشویش کی لہر پیدا کر دی تھی۔

وزیراعظم اسٹارمر نے مسجد کے دورے کے دوران کہا کہ برطانیہ کو اپنی رواداری، برداشت اور باہمی احترام کی اقدار پر فخر ہے، اور کسی بھی مذہبی یا نسلی کمیونٹی پر حملہ دراصل پوری قوم اور ہمارے معاشرتی توازن پر حملہ ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ حکومت نفرت انگیز جرائم اور اسلاموفوبیا کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل پیرا ہے۔ “ہم اپنی مسلم کمیونٹی کے ساتھ کھڑے ہیں، اور یہ اضافی فنڈنگ اس بات کا ثبوت ہے کہ ریاست ان کے تحفظ اور اعتماد کو یقینی بنانا چاہتی ہے۔”

وزیراعظم نے کہا کہ اس 10 ملین پاؤنڈ فنڈنگ* سے ملک بھر کی مساجد اور اسلامی مراکز میں سکیورٹی انتظامات بہتر بنائے جائیں گے، نگرانی کے نظام کو جدید کیا جائے گا اور پولیس گشت میں اضافہ کیا جائے گا تاکہ عبادت گاہوں کو محفوظ بنایا جا سکے۔

دوسری جانب وزیر داخلہ شبانہ محمود نے اپنے بیان میں کہا کہ مسجد پر حملہ ایک “خوفناک جرم” تھا جس کے نتائج “تباہ کن” ثابت ہو سکتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کسی بھی مذہب یا کمیونٹی کے خلاف نفرت پر مبنی جرائم کی اجازت نہیں دے گی۔شبانہ محمود نے یہ بھی کہا کہ حکومت مقامی پولیس اور کمیونٹی لیڈرز کے ساتھ مل کر مساجد کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.