سربراہ پاک فضائیہ کی رومانیہ میں اعلیٰ سطحی دفاعی ملاقاتیں، دوطرفہ عسکری تعاون کے فروغ پر اتفاق
راولپنڈی: سربراہ پاک فضائیہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے اپنے دورۂ رومانیہ کے دوران رومانیہ کے سیکرٹری دفاع ایڈورڈ باچائڈے اور چیف آف ڈیفنس جنرل گیورگیتسا ولاد سے الگ الگ اور مشترکہ ملاقاتیں کیں۔ ان ملاقاتوں میں پاکستان اور رومانیہ کے درمیان دفاعی و عسکری تعاون کو مزید مستحکم کرنے پر اتفاق کیا گیا۔
دونوں ممالک کی عسکری قیادت نے خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے باہمی ہم آہنگی، سفارتی روابط اور دفاعی تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔ اس موقع پر سربراہ پاک فضائیہ نے کہا کہ پاکستان رومانیہ کے ساتھ اپنے دیرینہ سفارتی و عسکری تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، جو باہمی اعتماد اور علاقائی استحکام کے مشترکہ اہداف پر مبنی ہیں۔
ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے باہمی دفاعی تعاون کو مزید وسعت دینے، مشترکہ آپریشنل تربیت اور تجربات کے تبادلے پر بھی زور دیا تاکہ دونوں ممالک بدلتے ہوئے سکیورٹی چیلنجز سے بہتر انداز میں نمٹ سکیں۔
رومانیہ کے سیکرٹری دفاع ایڈورڈ باچائڈے نے پاک فضائیہ کی پیشہ ورانہ کارکردگی، اعلیٰ آپریشنل صلاحیتوں اور عالمی سطح پر امن کے لیے اس کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ رومانیہ، پاک فضائیہ کے تجربات سے استفادہ حاصل کرنے اور دوطرفہ عسکری روابط کو مزید فروغ دینے میں گہری دلچسپی رکھتا ہے۔

رومانیہ کے چیف آف ڈیفنس جنرل گیورگیتسا ولاد نے پاک فضائیہ کی جنگی حکمتِ عملی اور پیشہ ورانہ مہارت کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان مشترکہ مشقوں، تربیتی پروگرامز اور تکنیکی تعاون کے ذریعے ایک مضبوط اور طویل المدتی دفاعی شراکت داری کو فروغ دیا جائے گا۔
سربراہ پاک فضائیہ کا یہ دورہ دونوں ممالک کے مابین دفاعی تعاون میں نئی توانائی پیدا کرنے کا باعث بنے گا اور اس بات کا مظہر ہے کہ پاکستان اور رومانیہ بدلتی عالمی سکیورٹی صورتحال میں قریبی رابطے اور شراکت داری کے عزم پر کاربند ہیں۔
