وزیراعظم شہباز شریف سے مسلم ورلڈ لیگ کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسیٰ کی ملاقات ، عالمی و علاقائی امور پر تبادلہ خیال
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف سے مسلم ورلڈ لیگ کے سیکرٹری جنرل اور مسلم اسکالرز آرگنائزیشن کے چیئرمین ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسیٰ نے وزیرِ اعظم ہاؤس اسلام آباد میں ملاقات کی۔
وزیراعظم نے ڈاکٹر العیسیٰ کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کہا اور ان کی مدبرانہ قیادت کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ مسلم ورلڈ لیگ عالمی سطح پر اسلام کے حقیقی تشخص کو اجاگر کرنے، بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دینے اور مسلم دنیا کے مشترکہ مفادات کے تحفظ کے لیے مؤثر کردار ادا کر رہی ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ مختلف مذاہب، عقائد اور تہذیبوں کے درمیان احترام اور افہام و تفہیم کے فروغ میں مسلم ورلڈ لیگ ہمیشہ پیش پیش رہی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ اس سال مسلم ورلڈ لیگ کے تعاون سے مسلم دنیا کی خواتین اور لڑکیوں کی تعلیم کے حوالے سے منعقدہ بین الاقوامی کانفرنس ایک خوش آئند پیش رفت تھی، اور پاکستان مستقبل میں اس نوعیت کی سرگرمیوں میں ہر ممکن تعاون فراہم کرے گا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان برادرانہ تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے خادم الحرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد و وزیراعظم محمد بن سلمان آل سعود کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
وزیراعظم نے غزہ امن معاہدے میں سعودی عرب سمیت مسلم ممالک کے مثبت کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ فلسطینیوں کی آواز کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے میں ان ممالک نے کلیدی کردار ادا کیا۔سیکرٹری جنرل مسلم ورلڈ لیگ نے پرتپاک استقبال اور میزبانی پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔
ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار، وفاقی وزیرِ قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ اور پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی بھی موجود تھے۔
