اسلام آباد راولپنڈی کے درمیان جدید و تیز رفتار ٹرین چلے گی
وفاقی حکومت نے اسلام آباد اور راولپنڈی کے درمیان جدید اور تیز رفتار ریل سروس شروع کرنے کے منصوبے پر فوری پیش رفت کا فیصلہ کیا ہے۔
اس منصوبے کے تحت شہری صرف 20 منٹ میں جڑواں شہروں کے درمیان سفر کر سکیں گے، جس سے وقت اور ایندھن کی بچت کے ساتھ ساتھ سڑکوں پر ٹریفک کا دباؤ بھی کم ہوگا۔
وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر ریلوے حنیف عباسی کی زیر صدارت اہم اجلاس ہوا جس میں وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری سمیت اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
اجلاس میں اسلام آباد کے مارگلہ سٹیشن سے راولپنڈی کے صدر سٹیشن تک ٹرین سروس کے منصوبے کو جلد مکمل کرنے پر اتفاق کیا گیا۔فیصلہ کیا گیا کہ ٹریک کی فراہمی وزارت ریلوے کرے گی جبکہ سروس کا انتظام سی ڈی اے سنبھالے گی۔ منصوبے کے لیے جدید ٹرین امپورٹ کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔
وزیر ریلوے حنیف عباسی نے کہا کہ یہ منصوبہ عوامی فلاح کا بہترین اقدام ہے، جس کے ذریعے شہریوں کو تیز، محفوظ اور آسان سفر میسر ہوگا۔وزیر داخلہ محسن نقوی نے منصوبے کو وزیراعظم شہباز شریف کے عوامی ریلیف ویژن کا عکاس قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے ہزاروں شہریوں کو معیاری سفری سہولت حاصل ہوگی۔
وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری نے کہا کہ ٹرین سروس شہریوں کے لیے کم خرچ اور تیز رفتار سفری سہولت ہوگی اور اس سے سڑکوں پر ٹریفک کا دباؤ بھی نمایاں حد تک کم ہوگا۔
اجلاس میں وفاقی سیکریٹری داخلہ، سیکریٹری ریلوے، چیئرمین سی ڈی اے، کمشنر راولپنڈی، کمانڈنٹ و ڈپٹی کمانڈنٹ ایف سی، آئی جی اسلام آباد پولیس، ڈپٹی کمشنر اسلام آباد اور دیگر اعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی۔
