قطر پر اسرائیلی حملے کے بعد خطے میں ہلچل،وزیر اعظم شہباز شریف دوحہ پہنچ گئے

0

وزیراعظم پاکستان  شہباز شریف ایک روزہ دورے پر قطر کے دارالحکومت دوحہ پہنچ گئے ، ائیرپورٹ پر قطر کے نائب وزیراعظم و وزیر مملکت برائے دفاع شیخ سعود بن عبد الرحمن بن حسن الثانی نے وزیراعظم کا استقبال کیا

نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ محمد اسحاق ڈار، وزیرِ دفاع خواجہ محمد آصف، وزیرِ اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ اور معاون خصوصی طارق فاطمی وزیرِ اعظم کے ہمراہ پاکستانی وفد میں شریک.

وزیرِ اعظم کی دوحہ میں قطری امیر عزت مآب شیخ تمیم بن حماد الثانی سے ملاقات ہوگی. وزیرِ اعظم دوحہ پر بلاجواز اسرائیلی جارحیت اور بین الاقوامی قوانین کے صریح منافی حملے کے تناظر میں قطری امیر اور قطری عوام سے یکجہتی کا اظہار کریں گے.

قطر اور پاکستان کے مابین دیرینہ تاریخی برادرانہ تعلقات ہیں جو مشترکہ عقیدے اور اقدار پر مبنی ہیں. پاکستان نے قطر کا ہمیشہ ہر مشکل وقت میں ساتھ دیا اور دیتا رہے گا، اس کا اظہار وزیراعظم قطری امیر سے ملاقات میں کریں گے. ملاقات میں اسرائیل کے خطے کے مختلف ممالک پر بلاجواز حملوں اور مسلسل جارحیت کے ساتھ ساتھ خطے میں امن کے قیام کیلئے مشاورت ہوگی.

دوسری جانب متحدہ عرب امارات کے صدر بھی دوحہ پہنچ گئے ہیں، جس سے خطے کی کشیدہ صورتحال پر خلیجی ممالک کی سنجیدہ مشاورت کا عندیہ ملتا ہے۔یہ پیشرفت ایسے وقت میں ہوئی ہے جب اسرائیل نے دوحہ میں حماس رہنماؤں پر فضائی حملہ کیا، جس کے نتیجے میں حماس کے 5 ارکان اور ایک قطری سکیورٹی اہلکار جاں بحق ہوئے۔

قطر کے وزیراعظم شیخ محمد بن عبدالرحمٰن آل ثانی نے حملے کو ’خطے کے لیے فیصلہ کن موڑ‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ قطر اپنے دفاع کا حق محفوظ رکھتا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ وحشیانہ اقدام خطے کو مشترکہ ردعمل پر مجبور کرتا ہے تاہم قطر جنگ بندی اور یرغمالیوں کی رہائی کے لیے ثالثی کی کوششیں جاری رکھے گا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.