ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کا دورہ چین، مشرق وسطیٰ بحران پر سفارتی کوششیں تیز
تہران :ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی بدھ 6 مئی کو چین کا دورہ کریں گے جہاں وہ چینی قیادت کی دعوت پر اعلیٰ سطحی مذاکرات کریں گے۔یہ پیشرفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کے خاتمے کے لیے سفارتی کوششیں تیز ہو رہی ہیں۔
چینی وزارت خارجہ کے مطابق دورے کے دوران عراقچی اپنے چینی ہم منصب وانگ یی سے ملاقات کریں گے جس میں دوطرفہ تعلقات، علاقائی صورتحال اور عالمی امور پر تفصیلی بات چیت کی جائے گی۔
ایران کی نیم سرکاری خبر ایجنسی مہر نے بھی اس دورے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملاقات میں اہم سفارتی امور زیر بحث آئیں گے۔یہ دورہ ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے آئندہ دورہ چین کی تیاریاں بھی جاری ہیں جہاں وہ 14 مئی سے چینی صدر شی جن پنگ سے دو روزہ سربراہی ملاقات کریں گے۔
ادھر ایران اور امریکا کے درمیان خطے کے تنازع کے خاتمے کے لیے جاری مذاکرات تعطل کا شکار ہیں۔ امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگستھ نے کہا ہے کہ واشنگٹن ایران سے براہ راست اور غیر رسمی دونوں سطحوں پر رابطے میں ہے تاکہ آبنائے ہرمز میں صورتحال کو بہتر بنایا جا سکے۔
