آزاد کشمیر: انتخابات سے قبل سیاسی گہما گہمی، الیکشن کمیشن نے اپوزیشن کی شکایت پر حکومت سے جواب طلب کرلیا
مظفر آباد:آزاد جموں و کشمیر میں آئندہ انتخابات سے قبل سیاسی گہما گہمی جاری ہے، اور مختلف سیاسی جماعتیں جوڑ توڑ میں مصروف ہیں۔ ایسے میں اپوزیشن لیڈر شاہ غلام قادر نے الیکشن سے قبل ترقیاتی منصوبوں کے اعلانات اور تقرریوں، تبادلوں پر سوالات اٹھا دیے ہیں، جس کا الیکشن کمیشن نے نوٹس لے لیا۔
آزاد جموں و کشمیر الیکشن کمیشن نے قائد حزب اختلاف شاہ غلام قادر کی درخواست پر کارروائی کرتے ہوئے حکومت سے 3 روز میں جواب طلب کر لیا۔
شاہ غلام قادر کی جانب سے درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ انتخابی شیڈول کے اعلان سے چند روز قبل تبادلوں، تقرریوں اور ترقیاتی پیکجز کے اعلانات جاری ہیں، جو الیکشن ایکٹ 2020 اور ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی اور پری پول رگنگ کے مترادف ہیں۔
الیکشن کمیشن نے چیف سیکریٹری اور پرنسپل سیکریٹری برائے وزیراعظم کو ہدایت کی ہے کہ وہ الزامات پر حکومت کا مؤقف حاصل کرکے مقررہ مدت میں رپورٹ پیش کریں۔
ترجمان کے مطابق آزاد جموں و کشمیر میں شفاف اور غیر جانبدار انتخابات ہر صورت یقینی بنائے جائیں گے اور ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
