امریکہ ایران مذاکرات آخری مرحلے میں داخل، چند نکات پر اتفاق باقی: اسحاق ڈار

0

انطالیہ:نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان جاری مذاکرات اپنے حتمی مرحلے میں داخل ہو چکے ہیں اور اب صرف چند نکات پر اتفاق ہونا باقی رہ گیا ہے۔

انطالیہ ڈپلومیسی فورم میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان ابتدا ہی سے ایران۔امریکا تنازع کے پرامن حل کے لیے سفارتی کوششیں کر رہا ہے، اور 47 سال بعد دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات میں کردار ادا کرنا پاکستان کے لیے باعثِ فخر ہے۔

اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ اس تنازع کے باعث خطے کی معیشت اور تجارت بری طرح متاثر ہوئی ہے۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ تقریباً 2 ارب آبادی پر مشتمل خطے کا مجموعی جی ڈی پی صرف 4 ٹریلین ڈالر ہے، جبکہ خطے کے ممالک کے درمیان تجارت کا کوئی مؤثر نظام موجود نہیں۔

انہوں نے جنوبی ایشیا میں اقتصادی روابط بڑھانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان خطے میں ٹرانس شپمنٹ کے لیے ایک مثالی ملک بن سکتا ہے، جس کے لیے باہمی تعاون اور مربوط پالیسیوں کی ضرورت ہے۔

وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ لبنان میں جنگ بندی کے بعد آبنائے ہرمز کا تجارتی جہازوں کے لیے کھلنا خوش آئند پیش رفت ہے، اور امید ظاہر کی کہ امریکا اور ایران جلد باقی ماندہ نکات پر بھی اتفاق کر لیں گے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.