مذاکرات صرف پاکستان میں ہوں گے، امریکہ قابلِ اعتماد نہیں: رضا مقدم
اسلام آباد:پاکستان میں ایران کے سفیر رضا امیری مقدم نے کہا ہے کہ مذاکرات صرف پاکستان میں ہوں گے، کہیں اور نہیں، کیونکہ ایران پاکستان پر اعتماد کرتا ہے، امریکا پر نہیں۔
اسلام آباد میں پالیسی ریسرچ انسٹی ٹیوٹ میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ امریکا قابلِ بھروسہ ملک نہیں، جبکہ ایران نے پاکستان کو ایک قابلِ اعتماد اور غیر جانبدار ثالث قرار دیا ہے۔ انہوں نے پاکستان کے سفارتی کردار اور امن کوششوں کو سراہا۔
ایرانی سفیر کا کہنا تھا کہ ایران خطے میں بالادستی نہیں بلکہ اپنی خودمختاری کا تحفظ چاہتا ہے، اور اس کا جوہری پروگرام مکمل طور پر پُرامن ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے کوئی ثبوت پیش نہیں کیا گیا، جبکہ انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی بھی ایران کے جوہری ہتھیار نہ بنانے کی تصدیق کر چکی ہے۔
رضا امیری مقدم نے کہا کہ ایران ایرانی انقلاب 1979 کے بعد سے مسلسل دباؤ کا سامنا کر رہا ہے اور گزشتہ 47 برس سے امریکا اور صیہونی قوتوں کے دباؤ کو برداشت کر رہا ہے، تاہم یہ کوششیں ناکام رہی ہیں۔
انہوں نے اسرائیل پر خطے میں بالادستی کی خواہش کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ امریکا اس کی حمایت کرتا ہے، جبکہ مذاکرات کے دوران اچانک حملوں نے سفارتی عمل کو متاثر کیا۔ایرانی سفیر کے مطابق جانی و مالی نقصانات کے باوجود ایران کی قوم متحد اور مضبوط ہے اور اپنے مؤقف پر قائم ہے۔
