آج رات سے لوڈشیڈنگ میں کمی، بجلی کی فراہمی بہتر ہونے کا اعلان: اویس لغاری
اسلام آباد:وفاقی وزیر توانائی اویس احمد خان لغاری نے اعلان کیا ہے کہ آج رات سے ملک بھر میں بجلی کی لوڈشیڈنگ میں کمی کر دی جائے گی اور بجلی کی فراہمی میں بہتری آئے گی۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عوام کو لوڈشیڈنگ سے ہونے والی تکلیف پر معذرت ہے اور حکومت نے ہمیشہ عوام کو اندھیروں سے نکالنے کی کوشش کی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ملک کو اس وقت تقریباً 4 ہزار میگاواٹ بجلی کی کمی کا سامنا ہے، جس کی بڑی وجہ آبنائے ہرمز کی بندش کے باعث گیس کی عدم دستیابی اور پن بجلی کی پیداوار میں تقریباً 1600 میگاواٹ کمی ہے۔
وزیر توانائی کے مطابق ایل این جی کی معطلی سے بھی 3000 میگاواٹ سے زائد بجلی کی کمی پیدا ہوئی، جبکہ اپریل میں بجلی کی طلب 9 ہزار سے 20 ہزار میگاواٹ کے درمیان رہی۔ انہوں نے کہا کہ جب طلب ساڑھے 16 ہزار میگاواٹ سے بڑھتی ہے تو لوڈشیڈنگ میں اضافہ ہو جاتا ہے۔
کے الیکٹرک کے حوالے سے انہوں نے واضح کیا کہ حیدرآباد اور کے الیکٹرک کے علاقوں میں لوڈشیڈنگ نہیں کی گئی، اور کے الیکٹرک نیشنل گرڈ سے ریکارڈ 2100 میگاواٹ بجلی حاصل کر رہا ہے۔
اویس احمد خان لغاری نے کہا کہ حکومت سولر اور قابل تجدید توانائی کے فروغ پر کام کر رہی ہے، جبکہ 1400 میگاواٹ بجلی فرنس آئل سے پیدا کی جا رہی ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ فرنس آئل کے استعمال سے فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ میں تقریباً 1 روپے 30 پیسے فی یونٹ تک اضافہ ہو سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بجلی بحران عارضی نوعیت کا ہے اور پن بجلی کی پیداوار میں اضافے اور ایل این جی کی بحالی سے صورتحال مزید بہتر ہو جائے گی، تاہم اس وقت صنعتی شعبے سمیت شہری و دیہی علاقوں میں لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی کے مؤقف پر کہا کہ اکنامک لوڈشیڈنگ کو قانونی دائرے میں لایا جائے گا۔
