افغان طالبان کی باجوڑ میں پاکستانی سول آبادی پر گولہ باری ،2بچوں سمیت 3 افرادشہید، 3شدید زخمی

0

راولپنڈی:باجوڑ کے سرحدی علاقے کٹ کوٹ کے گاؤں ملک شاہین میں بھارتی حمایت یافتہ افغان طالبان کی جانب سے پاکستانی سول آبادی پر بلا اشتعال گولہ باری کے نتیجے میں 2 بچوں سمیت 3 افراد شہید جبکہ 3 شدید زخمی ہوگئے۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق گولہ باری کے نتیجے میں ایک ہی گھر کو نشانہ بنایا گیا، جہاں ایک خاتون اور دو کمسن بچے جاں بحق ہوئے جبکہ 3 افراد زخمی ہوئے جنہیں فوری طور پر ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ افغان طالبان گزشتہ چند روز سے فتنہ الخوارج کی ایک تشکیل کو پاکستان میں داخل کرانے کی کوشش کر رہے تھے، تاہم پاک فوج کی بروقت کارروائی کے باعث یہ دراندازی ناکام بنا دی گئی۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق دراندازی کی کوشش ناکام ہونے پر مایوس افغان طالبان نے آج کٹ کوٹ میں شہری آبادی کو نشانہ بنایا۔

واقعے کے بعد پاک فوج نے فوری اور مؤثر جوابی کارروائی کرتے ہوئے افغانستان سے فائر کرنے والی گن پوزیشن کو مکمل طور پر تباہ کر دیا۔ سکیورٹی حکام کے مطابق اس کارروائی کے دوران باجوڑ سے ملحقہ تمام افغان طالبان پوسٹوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے جس کے نتیجے میں دشمن کو بھاری جانی نقصان اٹھانا پڑا۔

باجوڑ کے مکینوں نے اس بزدلانہ کارروائی کی شدید مذمت کرتے ہوئے سکیورٹی فورسز کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔سکیورٹی ذرائع کے مطابق عوام کے جان و مال کے تحفظ اور علاقے میں پائیدار امن کے قیام کیلئے سکیورٹی فورسز ہمہ وقت چوکس اور پرعزم ہیں، جبکہ شہری آبادی کو نشانہ بنانا افغان طالبان کے مذموم عزائم اور بوکھلاہٹ کا واضح ثبوت ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.