ابوظہبی میں سوشل میڈیا افواہوں کے خلاف کریک ڈاؤن، 375 افراد گرفتار
ابوظہبی:ابوظہبی میں سوشل میڈیا پر افواہیں پھیلانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کرتے ہوئے پولیس نے 375 افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ابوظہبی پولیس نے گمراہ کن معلومات اور جھوٹی افواہیں پھیلانے کے الزام میں مختلف افراد کو حراست میں لیا۔ گرفتار افراد پر مختلف مقامات کی ویڈیوز بنا کر انہیں سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کرنے اور عوام میں خوف و ہراس پھیلانے کا الزام ہے۔
حکام کے مطابق اس سے قبل بھی متحدہ عرب امارات کی جانب سے شہریوں کو خبردار کیا گیا تھا کہ ایران سے منسوب حملوں یا نقصانات سے متعلق غیر مصدقہ معلومات پھیلانے سے گریز کریں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ سوشل میڈیا کا غلط استعمال نہ صرف عوام میں بے چینی پیدا کرتا ہے بلکہ قومی سلامتی پر بھی اثر انداز ہو سکتا ہے، لہٰذا اس طرح کی سرگرمیوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جا رہی ہے۔
