کرپٹو ڈپلومیسی :پاکستان کے امریکہ سے تعلقات میں بہتری آئی ، دشمن بھی معترف
نئی دہلی: بھارتی میڈیا نے پاکستان کی ڈیجیٹل اور سفارتی حکمت عملی کو نمایاں قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ کرپٹو ڈپلومیسی کے ذریعے اسلام آباد نے واشنگٹن کے ساتھ تعلقات میں بہتری پیدا کی ہے۔
بھارتی اخبار ٹائمز آف انڈیا کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے پاکستانی قیادت کی تعریف نے دونوں ممالک کے تعلقات میں ذاتی نوعیت کے پہلو کو مزید مضبوط کیا ہے، جبکہ امریکی شخصیات خصوصاً اسٹیو وٹکوف سے روابط نے واشنگٹن میں پاکستان کے اثر و رسوخ میں اضافہ کیا۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اس سفارتی پیش رفت کے پیچھے پاکستانی شخصیت بلال بن ثاقب کا اہم کردار رہا، جنہوں نے 2025 کے دوران عالمی کرپٹو کمیونٹی کی نمایاں شخصیات سے روابط استوار کیے۔ ان میں چانگ پینگ ژاؤ، کیتھی ووڈ اور مائیکل سیلر شامل ہیں۔
بھارتی نشریاتی ادارے این ڈی ٹی وی کے مطابق بلال بن ثاقب کو ڈونلڈ ٹرمپ کے کرپٹو منصوبے ’ورلڈ لبرٹی فنانشل‘ میں بطور مشیر شامل کیا جانا ایک بڑی پیش رفت ہے، جس سے پاکستان کو عالمی سطح پر نئی سفارتی اہمیت حاصل ہوئی۔
رپورٹس میں مزید کہا گیا ہے کہ پاکستان نے کرپٹو ڈپلومیسی کے ذریعے وائٹ ہاؤس کے ساتھ اعتماد سازی کو فروغ دیا، جس کے اثرات دونوں ممالک کے تعلقات پر مثبت انداز میں مرتب ہو رہے ہیں۔
