مولانا فضل الرحمن کا حکومت کے خلاف احتجاجی تحریک کا اعلان، آئندہ جمعے ملک گیر مظاہرے

0

پشاور: مولانا فضل الرحمن نے حکومت کے خلاف احتجاجی تحریک کا اعلان کرتے ہوئے آئندہ جمعے کو ملک بھر میں مظاہروں کی کال دے دی ہے۔

یہ اعلان جمعیت علمائے اسلام (ف) کی مرکزی مجلسِ شوریٰ کے دو روزہ اجلاس کے بعد کیا گیا، جس میں ملکی و بین الاقوامی صورتحال پر تفصیلی غور کیا گیا۔

مولانا فضل الرحمن کا کہنا تھا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ ہر طبقے کو متاثر کر رہا ہے اور عوام شدید بے چینی کا شکار ہیں۔ انہوں نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکمران اتحاد غیر مستحکم ہے اور پاکستان پیپلز پارٹی کے سہارے قائم ہے۔

انہوں نے بعض قوانین پر بھی اعتراض اٹھاتے ہوئے کہا کہ گھریلو تشدد، ٹرانس جینڈر قوانین اور کم عمری کی شادی سے متعلق پابندیوں سمیت دیگر اقدامات شریعت سے متصادم ہیں، جبکہ خاندانی قوانین میں مجوزہ تبدیلیوں پر بھی تحفظات ہیں۔

جے یو آئی سربراہ نے کہا کہ پارٹی اسلامی قوانین کے تحفظ کے لیے ہر سطح پر آواز اٹھائے گی، تاہم موجودہ حساس حالات کے باعث بڑے فیصلے فی الحال مؤخر کیے جا رہے ہیں۔

انہوں نے اعلان کیا کہ 12 اپریل کو مردان میں ایک بڑے اجتماع سے احتجاجی مہم کا آغاز کیا جائے گا، جبکہ پارلیمنٹ کا ان کیمرہ اجلاس بلانے کا مطالبہ بھی کیا تاکہ قومی معاملات پر اعتماد میں لیا جا سکے۔

مولانا فضل الرحمن نے امن و امان کی صورتحال پر بھی تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ عوام حکومت سے نالاں ہیں۔ انہوں نے عالمی صورتحال کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ امریکا اسرائیل کی حمایت کر رہا ہے جبکہ خطے میں کشیدگی بڑھ رہی ہے۔

انہوں نے انتخابی نظام پر تنقید کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ ووٹنگ کے نتائج میں شفافیت نہیں اور عوامی مینڈیٹ کی درست ترجمانی نہیں ہو رہی۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.